حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے باجوڑ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
انہوں نے کہا: دہشتگرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ان کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں دہشتگردی کے مسلسل ہونیوالے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
علامہ سید رضوی نے کہا: ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت سمیت سیکیورٹی اداروں کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ دہشتگردی میں ملوث مجرموں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔
انہوں نے کہا: گزشتہ چار پانچ ماہ سے دہشتگردی کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، جس کی زد میں سینکڑوں پولیس اہلکاروں سمیت کئی معصوم افراد کی جانیں جا چکی ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے وائس چیئرمین نے کہا: کے پی کے کی موجودہ حکومت کی دہشتگردوں کے خلاف کارکردگی صفر ہے۔ اقتدار کو طول دینے کی کوششوں میں حکمرانوں نے عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: بدقسمتی سے آج تک کسی ایک دہشتگرد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا نہیں کیا گیا۔ ان دہشت گردوں کی نرسریوں کو سختی اور سنجیدگی سے ختم کرنا ہو گا۔