جمعرات 17 جولائی 2025 - 17:51
بلوچستان؛ آواران اور قلات میں دہشت گردی کی مذمت، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی کا سخت کارروائی کا مطالبہ

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے آواران اور قلات میں دہشت گردی، خصوصاً مسافروں کو شناخت کے بعد قتل کرنے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کسی بھی تعصب کو قبول نہیں کرتی اور تمام قومیں بھائی چارے کے رشتے میں بندھی ہوئی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے بلوچستان کے علاقوں آواران اور قلات میں دہشت گردی، بالخصوص بسوں میں سوار مسافروں کو شناخت کے بعد قتل کیے جانے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے ان واقعات کو قومی یکجہتی کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ بعض عناصر صوبوں کے درمیان نفرت پیدا کرنا چاہتے ہیں، مگر پاکستانی قوم کسی تعصب پر یقین نہیں رکھتی۔ ہم محبت کرنے والے لوگ ہیں اور ہر قومیت اور زبان کا احترام کرتے ہیں۔ پنجابی، سندھی، بلوچ، پشتون، گلگتی، کشمیری اور بلتی سب بھائی بھائی ہیں اور ملک کی سالمیت کے لیے متحد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تمام صوبوں کے لوگ آباد ہیں اور یہاں کبھی لسانی یا نسلی بنیاد پر جھگڑا نہیں ہوا۔ بلوچ قوم ایک مہمان نواز قوم ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ وہ ایسے واقعات پر دل گرفتہ ہیں۔

آخر میں انہوں نے ریاستی اداروں اور سیکیورٹی ایجنسیوں سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹیں اور ملک دشمن عناصر کا مکمل صفایا کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha