حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت الله حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ الله تعالیٰ نے دشمن کے خلاف مملکت خدا داد پاکستان کو زبردست فتح عطا فرمائی اور اسی طرح ایران کی اسرائیل کے خلاف شاندار مزاحمتی فتح مسلمانوں کی عظمت کی علامت ہے۔
انہوں نے حالیہ پاک-سعودی معاہدوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے؛ یہ معاہدہ پاکستان کی افواج، عوام اور حکومت کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، ہم باقاعدہ طور پر حرمین شریفین کے محافظ بن گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صدی مسلمانوں کی صدی ہے، پاکستان کی عزت و وقار میں شاندار اضافہ ہوا ہے، بس ابھی پاکستان کو اپنے اندرونی معاملات کی طرف دھیان دینا ہوگا، ہر بندے کا حق ہے کہ تعلیم اور دو وقت کی روٹی اسے ملے۔
آیت الله سید حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گزارش ہے کہ وہ اندرونی اخراجات کم کرنے اور غریب عوام کی معاشی مشکلات کی طرف بھی توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جتنے بھی انبیائے کرام علیہم السّلام بھیجے وہ اپنے اپنے محدود علاقے اور زمانے تک تھے، واحد ہمارے پیغمبر حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، جو پوری دنیا کے لیے نبی بنا کر بھیجے گئے ہیں؛ بعثت سے لیکر قیامت تک آنے والے سب انسانوں کے وہ نبی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ میں نے آپ(ص) کو عالمین کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ فتح مکہ کے موقع پر آپ نے دشمنوں کو بھی معاف کیا، سیرتِ پیغمبر یہی ہے کہ دشمن سے بھی رواداری سے پیش آیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محبان اہلبیت علیہم السّلام پر لازمی ہے کہ وہ اپنا اخلاق بہتر کریں، گالیاں اور لعنتیں چھوڑ کر توجہ اس پر دیں کہ لوگ سمجھیں کہ آپ واقعی اہلبیتؑ کے ماننے والے ہیں۔
آیت الله سید حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ رسول خدا کے دشمن بھی ان کی تعریف کرتے اور آپ کو تاریخ ساز شخصیت کے طور پر مانتے ہیں۔ 700 سال تک مسلمانوں نے تعلیمات پیغمبر پر عمل کیا تو دنیا بھر میں حکمرانی کی، اس کے بعد آہستہ آہستہ زوال پذیر ہونے لگے۔









آپ کا تبصرہ