حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے حالیہ دنوں مرحوم ہونے والے علمائے کرام، مبلغین اور مدرسین کے انتقال پر اظہارِ افسوس اور مغفرت کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
انہوں نے نائب خطیبِ جامع مسجد مستری عبداللہ سیالکوٹ کے مولانا نسیم عباس نقوی، جامعہ عزیز المدارس چیچہ وطنی کے مدرس مولانا ضمیر الحسن نقوی آف بہاولنگر، پرنسپل جامعہ باب الحسین شیخوپورہ مولانا ممتاز حسین مطہری اور خادم دین مولانا غلام قاسم آف بھکر کے انتقال پر مرحومین کے لواحقین، طلاب اور ساتھیوں سے اظہارِ ہمدردی، افسوس و تسلیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحومین کی دین مبین اسلام اور مکتب اہل بیت کے لیے خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔ ہم ان کی قومی خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور جوار محمد و آل محمد علیہم السلام میں جگہ نصیب فرمائے، ان کی اگلی منزلیں آسان ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک عالم کی موت عالم کی موت ہے۔ علماء انبیاء کے وارث ہیں۔ ان علماء نے اپنے ادوار میں لوگوں کو قرآن سکھایا، نماز پڑھائی اور سیرتِ اہل بیت کی طرف رہنمائی کی، اللہ تعالیٰ یقیناً ان کی خدمات کو قبول فرمائے گا اور ان کی بتقاضائے بشیریت کوتاہیوں سے در گزر فرمائے گا۔









آپ کا تبصرہ