ہفتہ 6 ستمبر 2025 - 23:54
کرم ایجنسی؛ شیعہ خاندان پر فائرنگ/ ایم این اے حمید حسین طوری کی مذمت

حوزہ/ کرم ایجنسی میں شیعہ خاندان پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے باپ شہید، جبکہ دو بیٹیاں زخمی ہو گئی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم موضع مخی زئی میں گزشتہ دنوں پاراچنار جانے والی ایک شیعہ فیملی کی گاڑی پر تکفیری دہشتگردوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زاہد حسین نامی شخص موقع پر شہید، جبکہ ان کی دو کمسن بیٹیاں شدید زخمی ہوگئیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری نے اس دلخراش اور انسانیت سوز واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچیوں اور بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنانا ایک بزدلانہ اور وحشیانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے شہید کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری نے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو ہدایت جاری کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین علاج فراہم کیا جائے، تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کی شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی دہشتگردی انتہائی تشویشناک ہے اور بدقسمتی سے پولیس و دیگر سیکیورٹی ادارے ایسے واقعات کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔

ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری نے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں، اپنی بیداری اور شعور کے ذریعے تکفیری دہشتگردوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنائیں جو ضلع کرم کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے رچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں ہماری صفوں میں تفرقہ ڈال کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں، لیکن اگر عوام ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہو جائیں تو کوئی طاقت ہمیں تقسیم نہیں کر سکتی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha