حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر خودکش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سوگوار خانوادوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا :شرپسند عناصر ملک کے امن و امان کی فضا کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا: اس افسوسناک واقعہ کے حقائق کو منظر عام پر اور شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اسی طرح اس سانحہ کے ذمہ داران اور ان کے سہولت کاروں کی جلد از جلد شناخت کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

قابل ذکر ہے کہ آج 24 نومبر 2025ء بروز پیر کی صبح تقریباً 8 بجے پاکستان کے شہر پشاور صدر میں کوہاٹ روڈ پر واقع فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں نے حملے کی ناکام کوشش کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر خودکُش دھماکہ کیا، دھماکے کے بعد 2 دہشتگردوں نے ہیڈکوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی جنہیں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں حملہ آور جہنم واصل ہو چکے ہیں اور فائرنگ کی آواز بھی رک گئی ہے۔ حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 اہل کار شہید ہوئے جبکہ 2 زخمی ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔









آپ کا تبصرہ