حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بولان ٹنل میں جعفر ایکسپریس پر مسلح افراد کی فائرنگ و دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس پر مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ اور بے گناہ مسافروں کو یرغمال بنانا انتہائی گھناؤنا عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے وفاقی اور صوبہ بلوچستان کے رہنماؤں سے تقاضا کیا کہ ٹرین میں سوار مسافروں کی جانوں کو محفوظ بناتے ہوئے انہیں دہشتگردوں سے آزاد کرانے کے بروقت اقدامات کئے جائیں۔
علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: جعفر ایکسپریس پر حملہ آوروں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا: دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور مسافروں کو دہشتگردوں سے باحفاظت برآمد کرایا جائے۔
واضح رہے کہ مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کےلیے صبح 9 بجے روانہ ہوئی تھی کہ اس دہشتگردی کے واقعے کا شکار ہو گئی۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس پر فائرنگ بولان کے علاقے پیروکنری میں ہوئی۔ سیکورٹی فورسز اور ٹرین پر فائرنگ کرنے والے مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ جعفر ایکسپریس میں 400 مسافر سوار تھے۔ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے، یرغمال بنائے گئے افراد میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔









آپ کا تبصرہ