حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے پاکستان کے علاقہ ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کو انتہائی گھناؤنا عمل قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا: ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مسلح افراد کی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ سے شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام اور پاکستان کے ذمہ دار افراد سے تقاضا کیا ہے کہ شہداء کے قاتلوں کو کیفر و کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا: ضلع کرم کے شہریوں کی آمد و رفت اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور اس واقعہ کے قاتلوں اور مجرموں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔
علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: ہم ضلع کرم کے شہید مسافروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا: ضلع کرم، پاراچنار میں مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ حالات خراب کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی، ان شاءاللہ۔
قابل ذکر ہے کہ آج سرکاری کانوائی میں پاکستان کے شہر پشاور سے پاراچنار جانے والے کانوائے کی مختلف گاڑیوں پر خوارجی دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ جس سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق پشاور سے کرم ایجنسی جانے والی کانوائی پر سے خواتین اور بچوں سمت 31 مسافر شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔