بدھ 25 دسمبر 2024 - 17:44
ملت جعفریہ پاکستان پارا چنار کے مظلومین کے دھرنے کی مکمل حمایت کرتی ہے، جعفریہ الائنس

حوزہ/ ملت جعفریہ پاکستان کا کرم میں جاری محاصرے کے خاتمے، ادویات اور اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کہا ہے کہ ملت جعفریہ پاکستان پاراچنار میں جاری دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومت سمیت ریاستی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ضلع کرم کے باشندوں کو سیاسی انتقام اور فرقہ وارانہ تعصب کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔ اپنے سیاسی انتقام کا نشانہ کرم میں آباد ملت تشیع کو نہ بنایا جائے اور اس صورتحال کا فوری سدباب کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید شبر رضا، ایس ایم نقی، علامہ نثار قلندری، علامہ باقر حسین زیدی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ رجب علی بنگش، حنین علی اور سبط رضا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

علامہ رضی جعفر نقوی کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ پاکستان ضلع کرم کی اس صورتحال اور حکومت و اداروں کی بے حسی پر شدید تشویش کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرم کا راستہ انسانی بنیادوں پر فوری نہ کھولا گیا، ادویات، غذائی اجناس اور ایندھن کی ترسیل یقینی نہ بنائی گئی تو ملت جعفریہ دنیا بھر میں احتجاج کے ساتھ انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں مسلسل قتل عام ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی دو پاراچناری شہریوں کو ٹل سے علیزئی جاتے ہوئے خوارج نے اغوا کر کے بیدردی سے قتل کیا اور ان کے سروں کو تن سے جدا کر دیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔ پاراچنار کے حالات دانستہ طور پر کشیدہ کیے جا رہے ہیں۔ کرم ایجنسی ملک کا حصہ نہیں بلکہ فلسطین یا غزہ کی تصویر پیش کر رہی ہے۔

علامہ رضی جعفر نقوی نے مزید کہا کہ پاراچنار کے راستے بند ہیں، ادویات اور اشیائے خوردونوش کی شدید قلت ہے، اور گزشتہ دو ماہ سے جاری محاصرے میں اب تک 30 سے زائد معصوم بچوں کی شہادت ہوچکی ہے۔ لاکھوں لوگوں کی زندگیاں شدید خطرات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے معاملے پر انتظامیہ اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کی غیرسنجیدگی پورے ملک کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ فرقہ وارانہ تعصب نے مملکت خداداد پاکستان کو دیمک کی طرح کھا لیا ہے اور بیرونی ایجنڈے کے تحت کرم کے امن کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

علامہ رضی جعفر نقوی نے وفاقی حکومت، صدر و وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس پاکستان، اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ پاراچنار حملوں میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے، ضلع کرم کا محاصرہ ختم کیا جائے، اور پاراچنار میں غذائی قلت اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha