ہفتہ 28 دسمبر 2024 - 10:24
ایم ڈبلیو ایم کے تحت جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں احتجاجی دھرنا جاری

حوزہ/احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ پارا چنار پاکستان کی سرحدوں کا محافظ ہے، ہم پاکستان کی سلامتی کے ضامن ہیں، ہم نے پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے، یہ دھرنے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک پارا چنار میں دھرنا جاری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر پارا چنار کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان بھر میں دھرنے جاری ہیں، اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، جامپور، لیہ، بھکر میں دھرنے جاری ہیں۔

ملتان میں مرکزی دھرنا نواں شہر چوک پر دیا گیا ہے، جہاں شیعہ علمائے کرام اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاراچنار بین الاقوامی سازشوں کا شکار ہے، کئی دہائیوں سے ایک سازش کے تحت کرم کے مظلوم عوام کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور بدقسمتی سے اس کے مجرم وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاراچنار کے راستے بند کیے ہوئے ہیں جو اس بدامنی کے ذمہ دار ہیں، ایک ہفتہ سے زائد ہو گیا ہے پاراچنار کے عوام لاشوں کے ساتھ بیٹھے ہیں لیکن ریاستی اداروں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی، پاراچنار پاکستان کی سرحدوں کا محافظ ہے، ہم پاکستان کی سلامتی کے ضامن ہیں، ہم نے پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے، یہ دھرنے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک پاراچنار میں دھرنا جاری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ سب جانتے ہیں یہ سانحہ ریاستی اداروں کی موجودگی میں سرانجام پایا گیا جو کہ یہ بات سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ قاتلوں اور ریاستی اداروں کا گٹھ جوڑ ہے، پھر یہاں تک کے کچھ شرپسند عناصر جن کے بارے میں ہم سمجھتے ہیں کے کرم میں جو بدامنی کے ذمہ دار ہیں وہ نہ شیعہ ہیں نہ سنی بلکہ تیسری قوت اس بدامنی اور فساد کے ذمہ دار ہیں، پاراچنار کے دو مزدوروں کو قتل کر دیا ان کے قتل کرنے، ان کے گلے کاٹنے اور پھر ان کے لاشوں سے کھلواڑ کرنے کی ویڈیو جاری کی جس میں قاتلوں کے چہرے صاف نظر آ رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود نہ صوبائی حکومت نے کوئی ایکشن لیا اور نہ ہی ریاستی اداروں نے انھیں گرفتار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha