حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاراچنار میں علاج کی سہولیات نہ ملنے کے باعث جاں بحق بچوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاراچنار میں ڈھائی ماہ سے راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔
تحصیل چیئرمین اپرکرم آغا مزمل کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث شہری خوراک اور علاج جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 100 سے زائد بچے علاج کی سہولیات نہ ملنے کے سبب دم توڑ چکے ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کرم کا کہنا ہے کہ علاقے میں قیام امن کے لیے آج گرینڈ جرگہ مذاکرات شروع کر رہا ہے۔ مذاکراتی عمل کے لیے گرینڈ امن جرگہ ضلع کرم پہنچ چکا ہے۔
خیال رہے کہ پاراچنار میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے کشیدہ حالات کے باعث ضلع کے تمام راستے بند ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو خوراک، ادویات اور علاج جیسی بنیادی سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
آپ کا تبصرہ