حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام پارا چنار کے مظلوم عوام کے حق میں احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ دھرنے کے شرکاء مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پارا چنار کے عوام چاروں طرف سے محاصرے میں ہیں اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے احتجاجی دھرنوں پر تاحال کوئی ردعمل نہ دینے پر شدید تنقید کی۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ حکومت کی تاخیر سے کارکنان اور عوام میں حوصلہ بڑھتا جا رہا ہے، اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پورے پاکستان کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں دھرنے شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مظلوم ضرور ہیں لیکن کمزور نہیں، اور اگر پارا چنار کے عوام کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو جمعہ کے اجتماعات کے بعد ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے چند ادویات بھیج دینا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ ان مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کرم کے راستے کھلوائے جائیں تاکہ محصور عوام اپنی ذمہ داریوں اور طلبہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کی طرف واپس جا سکیں۔
یہ احتجاج حکومت کی بے حسی اور پارا چنار کے عوام کے حق میں بھرپور آواز اٹھانے کی کوشش ہے۔ شرکاء کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، یہ احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔
آپ کا تبصرہ