جمعرات 26 دسمبر 2024 - 18:58
پاراچنار کے راستوں کی بندش، شیعہ علماء کونسل پاکستان کا جمعہ کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان نے ضلع کرم کی مظلوم عوام پر راستوں کی بندش کے نتیجے میں ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی رسد بند کرنے کے خلاف پہلے مرحلے میں 27 دسمبر 2024ء کو بعد از نماز جمعہ ملک گیر بھرپور احتجاج کی کال دی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان پہلے مرحلے پر جمعہ 27 دسمبر 2024ء کو ملک گیر بھرپور یوم احتجاج منائے گی۔

علامہ شبیر میثمی نے اس امر کا اعلان قائد ملت جعفریہ سے پاراچنار مرکز، انجمن حسینیہ، عوامی نمائندے اور پاراچنار کے جرگہ عمائدین پر مشتمل مشترکہ وفد کی ملاقات کے بعد کیا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان نے ضلع کرم کی مظلوم عوام پر راستوں کی بندش کے نتیجے میں ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی رسد بند کرنے کے خلاف پہلے مرحلے میں 27 دسمبر 2024ء کو بعد از نماز جمعہ ملک گیر بھرپور احتجاج کی کال دی ہے اور پیغام دیا ہے کہ اگر فوری طور پر ضلع کرم کے ملک کے دیگر حصوں سے منقطع راستے نہ کھولے گئے اور راہداری پر عوام کے تحفظ کو یقینی نہ بنایا گیا تو آئندہ مراحل میں ملک بھر میں احتجاج کو مستقل کیا جا سکتا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ عمائدین پاراچنار کے نمائندہ وفد نے خطیب امام جمعہ مرکز پاراچنار علامہ شیخ فدا حسین مظاہری کی سربراہی میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات کی۔ جس میں ایم پی اے کے پی کے علی ہادی عرفانی، جرگہ ممبران آغا سید تجمل حسین الحسینی، آغا اخلاق حسین شریفی، حاجی رؤف حسین، مجاہد حسین ہادی، حاجی ملک سردار حسین اور ڈاکٹر حسن سمیت دیگر شامل تھے۔

وفد نے قائد ملت جعفریہ کو پاراچنار کے راستوں کی بندش سے ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کے ناپید ہونے کے باعث مسلسل معصوم بچوں اور بزرگوں کے جانی ضیاع کے بھی متعلق مکمل بریفنگ دی۔

قائد محترم نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کو اہل کرم کی مظلوم عوام کے بنیادی حقوق کی ان خلاف ورزیوں پر ملک گیر احتجاج کی کال دینے کی ہدایت کی۔ جس پر شیعہ علماء کونسل پاکستان پہلے مرحلے پر جمعہ 27 دسمبر 2024ء کو ملک گیر بھرپور یوم احتجاج منائے گی۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ضلع کرم کے شہداء کے خانوادوں سے اظہار تعزیت کی اور مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملّی پلیٹ فارم شیعہ علماء کونسل پاکستان کے ہر سطح پر صدائے احتجاج بلند کرنے کا بھی یقین دلایا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha