منگل 7 جنوری 2025 - 23:17
460 دنوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کے باوجود، اہل فلسطین نے ثابت کیا کہ وہ حق اور انصاف کے لیے لڑنے والے ہیں

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا ہے کہ 460 دنوں سے جاری غاصب اسرائیلی جارحیت کے باوجود، اہل فلسطین نے ثابت کیا کہ وہ حق اور انصاف کے لیے لڑنے والے ہیں اور کبھی نہیں جھکیں گے، فلسطینیوں کا جذبہ اور ان کی مزاحمت ناقابلِ شکست ہے، عالمی برادری ظلم کے خلاف آواز اٹھائے اور غزہ کے عوام کے لیے عملی اقدامات کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں 460 دنوں سے غاصب اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور اہل فلسطین نے ثابت کیا کہ وہ حق اور انصاف کے لیے لڑنے والے ہیں اور کبھی نہیں جھکیں گے، فلسطینیوں کا جذبہ اور ان کی مزاحمت ناقابلِ شکست ہے۔

انہوں نے فلسطین کے حق میں عالمی برادری سے طاقتور آواز بلند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری ظلم کے خلاف آواز اٹھائے اور غزہ کے عوام کے لیے عملی اقدامات کرے، کیونکہ غاصب اسرائیل نے غزہ پر بلا اشتعال بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور وحشیانہ حملوں میں شب وروز نوزائیدہ بچوں، خواتین، بزرگوں سمیت ہزاروں معصوم فلسطینی شہید ہو رہے ہیں۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فلسطین کے حوالے سے عالمی اداروں کی خاموشی کو افسوسناک عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سنگین صورتحال پر اقوام متحدہ، امریکہ، اسلامی کانفرنس، عرب لیگ اور یورپ آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں، غاصب اسرائیل نے اسپتالوں پر بھی بمباری کر کے معصوم شہریوں کو شہید کر دیا ہے کوئی ہسپتال ورکنگ حالت میں نہیں رہا، غذائی قلت اور شدید سردی سے بچے زندگی کی بازی ہار رہے ہیں، اس صورتحال میں امریکہ جو کہ خود کو انسانی حقوق کا عالمی چیمپئن کہتا ہے، بالکل خاموش ہے؛ حقیقت میں امریکہ، یورپ و اقوام متحدہ صرف اور صرف مسلمانوں کو زیر نگیں کرنے کے لیے انسانی حقوق، خواتین کے حقوق، آزادی اظہار اور دیگر الفاظ کا سہارا لیکر اپنے مفادات حاصل کرتے ہیں، اب غزہ پر بمباری کے معاملے میں چپ سادھنے پر کونسا جواز پیش کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے شام اور عراق کے معاملے میں راتوں رات ایسے فیصلے کیے جس سے مسلمانوں پر تسلط قائم کیا جا سکے، مگر غاصب اسرائیل کی درندگی اور سفاکیت پر ایسی گہری خاموشی اختیار کر رکھی ہے جیسے غزہ میں کچھ ہوا ہی نہ ہو، فلسطین اور دنیا کے دیگر مقبوضہ علاقوں کے معاملے میں امریکہ، یورپ اور اقوام متحدہ سمیت تمام اسلام مخالف قوتیں بے نقاب ہو چکی ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ غزہ کی سنگین صورتحال پر اسلامی ممالک نے بھی استعماری قوتوں کی طرح مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، امریکہ اسرائیل کی ہر لحاظ سے مدد کر رہا ہے اور اپنے اسلحے اور خزانے کے منہ اس پر کھول رکھے ہیں، ناجائز اور غاصب صیہونی ریاست کسی عالمی قانون یا انسانی حقوق کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کھلم کھلا جارحیت کر رہی ہے اور کسی بھی دوسرے ملک کی سلامتی اور جغرافیائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کرنے سے باز نہیں آ رہی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha