اتوار 13 اپریل 2025 - 16:28
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا ایران سمیت مسلم ممالک کو خط، OIC اجلاس اور یومِ یکجہتی غزہ کی تجویز

حوزہ/ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر، حافظ نعیم الرحمٰن نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں فلسطین کے مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کا سربراہی اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حافظ نعیم الرحمٰن نے ایران سمیت دیگر مسلم ممالک کے سربراہان کو بھی علیحدہ علیحدہ خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں انہوں نے یہ کہا ہے کہ ہم اسلامی دنیا کے حکمرانوں سے فلسطین کے مسئلے پر مشترکہ کوششوں کے خواہاں ہیں، تاکہ غزہ کے عوام کی مدد کی جا سکے اور قابض اسرائیل کے مظالم کو روکا جا سکے۔

انہوں نے اپنے خط میں 20 اپریل کو "یومِ یکجہتی غزہ" کے طور پر منانے اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ کی موجودہ صورتِ حال انسانی المیے کی تمام حدیں پار کر چکی ہے اور وہاں کے ہولناک حالات امتِ مسلمہ کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکے ہیں۔

خط میں حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید لکھا ہے: "میں آپ کو اس وقت خط لکھ رہا ہوں جب غزہ میں ایک تباہ کن انسانی بحران جاری ہے۔ تباہی اور انسانی تکالیف کی شدت فوری اور متحدہ عالمی اقدام کی متقاضی ہے۔

تاریخ گواہ ہے کہ ہولوکاسٹ، بوسنیا کی نسل کشی اور کوسوو کے تنازع جیسے شدید انسانی بحرانوں میں عالمی برادری نے انسانی وقار اور انصاف کے دفاع میں اقدامات کیے۔ آج غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ کسی بھی طرح نسل کشی سے کم نہیں۔

بے گناہ شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، بے دریغ قتل کیے جا رہے ہیں۔ ہسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گاہوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔"

امیر جماعت اسلامی نے مزید لکھا کہ: "پاکستان کے عوام کی جانب سے ہم آپ کی حکومت اور تمام مسلم اکثریتی ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس روزمرہ قتلِ عام کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha