جمعرات 10 اپریل 2025 - 17:04
کوئی بھی امداد غزہ میں داخل نہیں ہو رہی: انٹونیو گوٹیرش

حوزہ/ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے جمعرات کی صبح خبردار کیا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے اور اسرائیل بین الاقوامی قوانین کے تحت اس امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کا پابند ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے جمعرات کی صبح خبردار کیا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے اور اسرائیل بین الاقوامی قوانین کے تحت اس امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کا پابند ہے۔

انٹونیو گوٹیرش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: "اس وقت کسی بھی قسم کی انسانی امداد غزہ میں داخل نہیں ہو سکتی، جبکہ اسرائیل کو بطور قابض طاقت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "بین الاقوامی قوانین کے مطابق، غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔"

غزہ میں اسرائیلی حملوں اور سخت محاصرے کے نتیجے میں صورتحال بدتر ہو چکی ہے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق، لاکھوں شہری خوراک، پانی، طبی امداد اور بنیادی ضروریات سے محروم ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین (UNRWA) نے بھی خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل رکاوٹوں کے باعث امدادی سامان غزہ تک پہنچانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر امدادی قافلوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دے اور جنگ زدہ علاقے میں محصور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرے۔

متعدد اسلامی اور مغربی ممالک نے اسرائیل کی جانب سے امداد کی ترسیل روکنے پر شدید تنقید کی ہے۔ عرب لیگ، یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی ادارے اس معاملے پر فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب اسرائیلی حملوں کے باعث امدادی اداروں کے دفاتر اور قافلے بھی نشانہ بنے، جس سے امدادی کارکنوں کی جانیں بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha