حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی فوج نے آج (بدھ) غزہ میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام کلینک پر حملہ کر کے کئی نہتے فلسطینیوں کو شہید کر دیا، جن میں متعدد بچے بھی شامل ہیں۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی ٹینکوں نے شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اقوامِ متحدہ کی ایجنسی "UNRWA" کے کلینک کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اس حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ایک اہلکار نے روسی خبر رساں ایجنسی "ریانووستی" کو بتایا کہ شہداء میں زیادہ تر معصوم بچے شامل ہیں۔
یہ حملہ اس وقت ہوا جب آج صبح صہیونی حکومت کے وزیرِ جنگ "یسرائیل کاتس" نے غزہ میں حملے مزید تیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صہیونی فوج نے اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 50,300 سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور 114,000 سے زیادہ کو زخمی کر دیا ہے۔ تاہم، غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ شہداء کی واقعی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ کئی فلسطینی تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، اور جنگی حالات کے باعث لاشوں تک رسائی ممکن نہیں۔
آپ کا تبصرہ