حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے حجت الاسلام غلام رضا پہلوانی نے غزہ میں صہیونی جرائم پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا: اس شور و ہنگامے سے بھرپور دنیا کے ایک گوشے میں ایک سرزمین ایسی ہے جہاں ہر روز خون اور آگ کی بو محسوس کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا: غزہ، سرزمین فلسطین کا ایک مظلوم ٹکڑا ہے جو ان دنوں ظلم و ستم کے ملبے تلے دم توڑ رہا ہے۔ غاصب صہیونی حکومت اپنی تمام تر عسکری طاقت کے ساتھ بے رحمی سے نہتے عوام پر حملہ آور ہے، بچے اپنی ماؤں کی آغوش میں دم توڑ رہے ہیں، گھروں کے ملبے تلے خاندان دفن ہو رہے ہیں اور غزہ کا آسمان ان لاشوں کا گواہ ہے جن میں اب زندگی باقی نہیں رہی۔
امام جمعہ مشکات نے کہا: یہ صرف اعداد و شمار نہیں بلکہ انسان ہیں؛ ایسے باپ جو کبھی لوٹ کر نہیں آئیں گے، ایسی مائیں جن کے نوحے بے جواب رہ گئے اور وہ بچے جنہیں کبھی کھیلنے کا موقع ہی نہ ملا۔
حجت الاسلام پہلوانی نے کہا: توقع کی جاتی ہے کہ ہر آزاد منش انسان کا دل غزہ کی مظلومیت پر بے قرار اور مضطرب ہو لیکن افسوس کہ بہت سی اسلامی حکومتوں کی سنگین خاموشی دلوں کو اور زیادہ دکھ دیتی ہے، گویا یہ ظلم صرف غزہ کے عوام پر ڈھایا گیا ہو اور دوسروں کے ضمیر کو نہ جھنجھوڑ سکا ہو۔ یہ خاموشی صرف ایک سیاسی موقف نہیں بلکہ ظلم کا ساتھ دینا ان کے مظالم پر مہر تصدیق ثبت کرنے کے مترادف ہے۔
آپ کا تبصرہ