حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع کرم پارہ چنار کی مظلوم و محصور عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ملک بھر میں جاری دھرنوں کے حوالے سے ہنگامی پریس کانفرنس سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے ملک بھر میں جاری دھرنوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ کئی مہینوں سے ضلع کرم کے راستے بند رہے ہیں۔ پاراچنار غزہ کا منظر پیش کررہا تھا، حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے تھے۔ مسلمان وہ ہوتا ہے جو ظلم دیکھ کر تڑپ اٹھے۔ گلگت بلتستان میں سخت ترین موسم میں بھی دھرنے ہوئے، پیپلزپارٹی کی حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے کہ انہوں نے مظلوموں کا خون بہایا ہے اور پُرامن مظاہرین پر غیر قانونی جان لیوا تشدد کیا، میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاراچنار میں دونوں فریقین کی رضامندی سے امن معائدہ ہوچکا ہے، اب بال حکومت کے کورٹ میں ہے، معائدے پر عمل درآمد کریں۔ میں پھر سے ضلع کرم میں رستوں کی بندش کے خلاف ملک بھر سمیت پیرون ملک، یورپ، امریکہ جنیوا اور آسٹریلیا میں بھی احتجاجات اور دھرنے دیئے گئے، ان سب شرکاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں خداوند متعال آپ سب کی عبادت کو قبول فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی فاشسٹ انتظامیہ نے دھرنے والوں پر گولیاں چلائیں اور دھمکیاں دیں، شبہہ حیدر زیدی کے خون کو فراموش نہیں کیا جائے گا، سندھ گورنمنٹ کے ظالمانہ اقدام کے خلاف عدالتوں کا دروازہ کھٹکٹائیں گے، بلاول بھٹو سندہ حکومت کے ان ظالمانہ اقدامات کی تحقیقات کروائیں، اب امن کے قیام کی ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر ہے، معاہدے پر دستخط کروانے کے لئے رستے بند کر کے ظالمانہ طریقے سے بلیک میلینگ کی گئی، پارہ چنار کے جرگہ عمائدین کی جانب سے جرگہ کامیابی کا پیغام دیا گیا ہے، ضلع کرم میں جاری مرکزی دھرنا جاری رہے گا، جبکہ پاکستان بھر سے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ میں دھرنا شرکاء کا مشکور ہوں، جنہوں نے ہمت دکھائی اور مظلوموں کی حمایت میں ثابت قدم رہے۔
آپ کا تبصرہ