حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے انکشاف کیا ہے کہ نئے عیسوی سال کے پہلے ہفتے میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 74 بچے شہید ہو گئے ہیں۔
یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے کہا ہے کہ سال 2025 کا آغاز بھی غزہ کے بچوں کے لیے رنج و الم سے بھرپور رہا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں، محرومی اور شدید سردی نے غزہ کے بچوں کی زندگیوں کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا کہ غزہ کے لاکھوں بچے مناسب پناہ گاہوں سے محروم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ایک ملین سے زائد بچے عارضی خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں، پچھلے 15 ماہ میں ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں، صرف 26 دسمبر سے اب تک سردی کے باعث 8 نومولود بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کو فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کے بعد غزہ پر تباہ کن جنگ شروع کی تھی۔ اس جنگ میں اسرائیل نے نہ صرف رہائشی علاقوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا بلکہ شدید محاصرے کے ذریعے غزہ کو ایک بے مثال انسانی بحران کا شکار بنا دیا۔
آپ کا تبصرہ