حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کراچی میں ضلع کرم میں امن و امان کی بحالی کیلئے احتجاج کی قیادت کرنیوالے بزرگ عالم دین مولانا حسن ظفر نقوی اور مظاہرین پر پولیس تشدد اور ایک نوجوان شبیہہ حیدر کی پولیس فائرنگ میں شہادت کی شدید مذمت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ پارا چنار کے شہری پُرامن اور محب وطن ہیں۔ افسوسناک بات ہے کہ دہشتگردوں کا کندھا استعمال کرکے فرقہ واریت پھیلائی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ہر شہری کا حق ہے، جبکہ مظلوموں کا ساتھ دینا انسانیت کی نشانی ہے۔ بڑے افسوسناک کی بات ہے کہ دہشتگردی کے واقعات کو فرقہ وارانہ اور زمینی تنازع کا نام دیا جاتا ہے۔ معصوم بچوں اور بے گناہ مسافروں کو شہید کیا جاتا ہے، کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاراچنار کے راستوں کو فی الفور کھولا جائے اور مولانا حسن ظفر نقوی پر تشدد کی تحقیقات کروائی جائیں۔ انسانی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت کی حامی سندھ حکومت سے علماء اسلام کیساتھ ایسے ظلم اور غیر انسانی سلوک کی توقع نہیں تھی۔
آپ کا تبصرہ