حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہید ذوالفقار نقوی ایڈوکیٹ کی 28 ویں برسی کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا: ملکی سلامتی و استحکام اور آئینی حقوق کے لئے ہماری جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور اس راستے میں زندگی سے کے مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ محب وطن' مخلص شخصیات نے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا: ممتاز قانون دان، سیاسی و سماجی شخصیت اور ملی پلیٹ فارم کے صوبائی رہنما سید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے بھی اسی تناظر میں متواتر اور مسلسل جدوجہد جاری رکھی اور اعلی و ارفع اہداف کے حصول کی خاطر پاکیزہ مشن کی تکمیل کرتے ہوئے اس راہ میں درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا: عوام کے آئینی حقوق کا تحفظ اور دفاع ہماری جدوجہد کا مرکز و محور رہا ہے۔ سید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا اور شریف، مہذب، قانون پسند اور محب وطن شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں انتھک محنت و کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا: شہید کی ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لازم و ناگزیر ہے کہ ان کے مثبت کردار کو مشعل راہ بنایا جائے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے برسی کے اس موقع پر شہید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ اور شہدائے ملت کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کے استحکام و سلامتی کی خصوصی دعا بھی کی۔
آپ کا تبصرہ