حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ممتاز، معروف اور متحرک مذہبی و سماجی شخصیت شہید علامہ سید ضیاءالدین رضوی کی 20 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ گلگت بلتستان کاخطہ کئی حوالوں سے منفرد حیثیت کا حامل ہے تاہم اس کا معتبر اور مستند حوالہ وہاں کے باشعور اور محب وطن عوام کا دین و دانش سے والہانہ تعلق اور علم دوست طبقات سے گہری عقیدت و وابستگی ہے جس کے لئے علامہ سید ضیاءالدین رضوی کی جدوجہد اور کوششوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا: اگرچہ درپیش مسائل پر شہید ضیاءالدین کاموثراور جاندار کردار واضح ہے تاہم گلگت بلتستان کے عوام کے معاشرتی، تعلیمی اور سیاسی حقوق کیلئے انکی بھر پور جدوجہد مشعل راہ ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: ملی پلیٹ فارم کے ذریعہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھانا شہید آغا ضیاءالدین رضوی کا مشن تھا کیونکہ ملی پلیٹ فارم کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ روز اول سے ہی اس نے ان پسماندہ اور محروم علاقوں کے آئینی حقوق کیلئے صدا بلند کی اور جماعت کے ہر اہم اجتماع اور اجلاس کے ایجنڈے پر آئینی حیثیت کا تعین اور عوام کے محرومی و پسماندگی کا خاتمہ سرفہرست رہا ہے۔چنانچہ اس لازوال اور مسلسل جدوجہد نے حکومتوں کو آواز پر کان دھرنے پر مجبور کیا اور ان علاقوں کی تعمیر و ترقی اور حقوق کے حوالے سے ایک حد تک پیش رفت ہوئی تاہم اب بھی ہم سمجھتے ہیں کہ مکمل حقوق کی خاطر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ گلگت بلتستان میں نصاب تعلیم جیسے اہم او ر حساس معاملہ میں شہید علامہ سید ضیاءالدین رضوی کی مثبت کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور جدوجہدکو آگے بڑھانے کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہید رضوی کی ملی،مذہبی اور سماجی خدمات کوسراہتے ہوئے ان سے سبق حاصل کرنے کی توقع کی اور شہید کے علو درجات کی دعا بھی کی۔
آپ کا تبصرہ