حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، محسن ملت مفسر قرآن آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی طاب ثراہ کی قائم کردہ روایات کی پیروی کرتے ہوئے جامعۃ الکوثر اسلام آباد پاکستان میں حسب سابق امسال بھی ولادتِ حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام نہایت تزک و احتشام سے منایا گیا۔
اس پروقار جشن کا آغاز جناب قاری اکبر رجائی نے تلاوت کلام پاک سے کیا، جس کے بعد حفاظ القرآن کے بچوں نے نہایت عقیدت و احترام اور پراثر انداز میں تواشیح پیش کی۔
محسن ملت کی ہمیشہ سے آرزو رہی کہ جوانان قوم و ملت بالخصوص طلاب جامعہ تحقیق کی عادت کو اپنائیں اور تدبر و تعقل کے ذریعے دریچہ ہائے علوم و فنون میں نئی نئی جہتیں ایجاد کریں، چنانچہ اسی مقصد وحید کے باوصف جامعۃ الکوثر میں کچھ عرصہ قبل سیرتِ أمیرالمؤمنین علیہ السّلام پر ایک مقابلۂ مقالہ نویسی کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں منتخب شدہ دو مقالہ جات کی تلخیص جناب ارسلان حیدر اور جناب غلام رسول ولایتی نے پیش کی، جبکہ ڈاکٹر علی حسین عارف صاحب نے محسن ملت کے کلمات میں موجود ایسے آٹھ منتخب موضوعات پر اپنی محققانہ معروضات پیش کیں، جن میں حضرت امیرالمومنین علیہ السلام کے ارشادات سے براہ راست فیضیابی کی جھلک پائی جاتی ہے۔
اس جشن پرنور کے اختتام پر وکیل مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی قبلہ نے خطاب کرتے ہوئے محسن ملت کی در مدینتہ العلم سے عقیدت و محبت اور أمیرالمؤمنین علیہ السلام کی ذاتِ والا صفات سے ان کے والہانہ عشق کی کیفیت کو بیان کیا اور اس جشن کو ان کی آرزوؤں کا مظہر قرار دیا۔
جشن کے اختتام پر بانی جشن محسن ملت کی روح پر فتوح کے لئے دعا کی گئی۔
آپ کا تبصرہ