جمعرات 16 جنوری 2025 - 06:00
105 دن گزرنے کے باوجود بھی پارا چنار کے راستوں کی بندش افسوسناک ہے

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی رکن انجینئر حمید حسین نے پارا چنار کے راستوں کی مسلسل بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 105 دن گزرنے کے باوجود بھی پارا چنار کے راستوں کی بندش افسوسناک ہے، حکمران راستے کھلوانے میں مکمل طور پر بے بس اور ناکام ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین نے حکمرانوں کے پارہ چنار کے حوالے سے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹل پاراچنار روڈ گزشتہ 105 دنوں سے بند ہے، علاقے میں ادویات، پیٹرولیم مصنوعات اور گیس پر مشتمل ایک گاڑی بھی نہیں پہنچائی گئی، دیگر سامان بھی لاکھوں کی آبادی کے لئے ناکافی ہے، مرکزی حکومت صوبائی حکومت سے بالکل تعاون نہیں کر رہی، مجھے کل اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اس مسئلے پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، روڈ کی سیکیورٹی کے لیے ہمیشہ فوج اور ایف سی نے کردار ادا کیا ہے، اب چند پولیس اہلکاروں سے روڈ کھلوانا ناممکن ہے، صوبائی اور مرکزی حکومتیں شدید مشکلات میں گھری ضلع کرم کی عوام پر رحم کریں اور ملکر عوامی ریلیف کے لیے کردار ادا کریں۔

105 دن گزرنے کے باوجود بھی پارا چنار کے راستوں کی بندش افسوسناک ہے

انہوں نے کہا ہے کہ میں نے قومی اسمبلی میں ضلع کرم کے لیے ہر طرح سے صدائے احتجاج بلند کی ہے، حکمرانوں پر مشتمل تمام با اثر شخصیات بشمول وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی ملا، انہیں ضلع کرم پاراچنار کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا ہے، معلوم نہیں ان کے سینے میں کونسا دل ہے کہ جو مظلوم عوام کے لئے بالکل نہیں دھڑکتا اور اس وقت کرم کے عوام پر ہر لمحہ قیامت جیسا ہے، مگر ضلع کرم کے لئے ابھی تک مخلصانہ اقدامات نہیں کئے، جو انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک بات ہے، میں وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت تمام حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کرم کی مرکزی روڈ کھولنے اور معاہدے پر عمل درآمد کروانے کے لئے فوری اقدام کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha