حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان ضلع اسلام آباد، راولپنڈی کے زیرِ اہتمام منعقدہ مرکزی مجلسِ تکریم شہدائے مقاومت، شہدائے پارا چنار و ملت جعفریہ پاکستان میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہدائے اسلام کو شاندار خراجِ عقیدت و سلام پیش کیا۔
مجلس تکریم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شہدائے مقاومت ہمالیہ سے بھی بلند دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہو گئے اور غاصب قوتوں کو مشرق وسطیٰ میں عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا، ایک قرآن شناس اور بابصیرت رہبر کی رہنمائی میں، جن کا ہر قدم قرآن و اہل بیت علیہم السّلام کی تعلیمات کے عین مطابق اٹھتا ہے، لہٰذا جو لیڈر تعلیمات قرآن و اہلبیت علیہم السّلام پر عمل پیرا نہیں وہ خود بھی گمراہ ہے اور قوم کو بھی کبھی منزل مقصود تک نہیں پہنچا سکتا، جو خود راہ گم کیے ہوئے ہے وہ کیسے دوسروں کو منزل تک لے جائے گا؟
انہوں نے مزید کہا کہ انقلابِ اسلامی نے عالمی استعماری طاقتوں سے نجات دلائی اور معرکہ آرائی شروع ہو گئی جو کہ اب نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، حق و باطل کا یہ معرکہ جاری رہے گا اور فتح و نصرت ہمیشہ دین اسلام کے ماننے والے حق پرستوں کی ہی ہو گی۔
ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین نے عالمی سطح پر میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا کا میڈیا ان پسے ہوئے مظلوموں کی آواز دبانے میں لگ گیا، لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام ٹھہرے، مقاومت نے دنیا کی بڑی طاقتوں کے وائٹ ہاؤس روند ڈالے، نہتے فلسطینیوں نے خطے میں امریکہ کے اہم ترین ستون کو زمین بوس کر دیا اور اپنی سرزمین پر عزت و وقار سے واپس کھڑے ہو گئے، غزہ کے مسئلے پر ہم سب اکٹھے تھے اور ہیں، لیکن اسلام دشمن قوتوں نے ایسے تکفیری عناصر کو خوارج کو استعمال کر کے پاکستان میں پارا چنار کو غزہ بنانے کی کوشش کی، تاکہ ہم سب کی توجہ غزہ سے ہٹ جائے، انہیں معلوم ہے کہ اگر شیعہ سنی وحدت قائم رہا تو یہ سب شکست کھا جائیں گے اس لیے یہ ہمارے درمیان رخنہ و فتنہ کھڑا کر رہے ہیں، اس پلان کو شعور و آگاہی کے ساتھ بصیرت کے ساتھ ناکام بنانا ہو گا، اے آئی کے ذریعے دونوں مسالک کے علماء کی پلانٹڈ تقاریر جاری کر کے دونوں مسالک کے مقدسات کے خلاف بات کی جائے گی اور پھر ان کے کارندے اور حواری اس فتنے کو ہوا دیں گے، تاکہ مسلکی فساد اور نفرت میں تیزی ہو اور ٹکراؤ لڑائی جاری رہے، پارہ چنار کرم کی صورتحال اس فتنے کا بڑا منصوبہ ہے اور یہ گلگت بلتستان سے بھی شروع کر سکتے ہیں یہ ہر اس جگہ سے کوشش کریں گے جہاں سے یہ آگ پورے ملک میں پھیل جائے ہمیں صبر و بصیرت کے ساتھ اس سازش کو ناکام بنانا ہے، لہٰذا تمام حکومتی ذمہ دار پارہ چنار کے مسئلے کو فی الفور حل کریں، انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، غفلت مت کریں محب وطن عوام کے اعتماد کو بھروسے کو مت توڑیں۔
انہوں نے پارا چنار کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین ماہ سے زائد وقت ہو چکا ہے، محاصرے سے پیدا شدہ صورتحال انتہائی کرب ناک اور خطرناک ہے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو قافلوں پر اور سیکیورٹی فورسز پر مسلسل حملہ آور ہیں۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کو مہنگی بجلی، گیس کے بلوں اور مہنگائی کے بھنور میں دھکیل کر ان کی توجہ اس بات سے ہٹا دی ہے کہ ملک میں امریکہ کیا کر رہا ہے، ان نااہل اقتدار پرستوں کو جب لایا جاتا ہے تو کچھ طے کیا جاتا ہے، یہ سب حصول کرسی کے لیے یقین دہانیاں کروا کر آتے ہیں، کون سی چیز ملک میں سستی ہوئی ہے، امن و امان میں بہتری کے بجائے بدتری آئی ہے، روزگار کی فراہمی میں یہ ناکام ہیں، آئے روز جوان ملک چھوڑنے کی وجہ سے زندگیوں کی بازی ہار رہے ہیں، ہاں البتہ پی ٹی وی دیکھنے سے آپ کو لگے گا کہ سب ہریالی ہے اور پاکستان امریکہ سے بھی آگے نکل گیا ہے، دجالی نظام جب تک رائج ہے ملک ترقی نہیں کرے گا اس نظام کو امریکہ، برطانیہ، اسرائیل وغیرہ چلا رہے ہیں، جس میں اہم میڈیا چینلز ہیں جو اپنے مفادات کی خاطر بے حیائی کو رواج دے رہے ہیں اور دجالی حکمرانوں کے خلاف مکمل خاموش رہتے ہیں۔
مجلس کے دیگر مقررین میں علامہ سید حسنین گردیزی، علامہ اصغر عسکری، علامہ سید علی اکبر کاظمی، مولانا تصور مہدی سمیت سبز علی شہزاد شامل تھے۔
آپ کا تبصرہ