حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری اور علی سوسائٹی کے زیرِ اہتمام حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے یومِ ولادتِ باسعادت کے پر نور موقع پر متعدد نایاب کتب و مخطوطات کی نمائش کا افتتاح اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا اور نمائش میں رکھی گئیں کتب و مخطوطات کا بغور معائنہ کیا۔
اس نمائش میں ہاتھ سے لکھے ہوئے چھ نسخے اور مختلف زبانوں میں تاریخی کتب، قرآنِ پاک کے مختلف نسخے اور نہج البلاغہ کا 900 سال پرانا قدیم نسخہ شامل ہیں۔
مولانا آزاد لائبریری کی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے وائس چانسلر کو نمائش میں رکھے گئے چھے مخطوطات کی تاریخی اہمیت سے واقف کروایا۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے نمائش میں شامل نایاب کتب و مخطوطات پر مشتمل کیٹلاگ کا بھی اجرا کیا؛ اس کیٹلاگ کو تیار کرنے میں پروفیسر نشاط فاطمہ نے اپنے علم، دانش و ہنر کا مظاہرہ کیا ہے جس کی پذیرائی ہو رہی ہے۔
نمائش میں کوفی رسم الخط میں چمڑے پر ہاتھ سے لکھا قرآنِ پاک کا ایک حصہ جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ہی حضرت علی علیہ السلام کا تحریر کردہ ہے کشش کا مرکز بنا رہا، مغل شہنشاہ، شاہ جہاں کی شہزادی، جہاں آراء کے ہاتھ کا لکھا ہوا قرآنِ پاک کی کچھ آیات، حضرت علی علیہ السلام کی مدح میں خط ناخن میں تحریر "قصیدہ حافظ"، نہج البلاغہ کے مختلف قدیم نسخے اور شاہ جہاں کی ہمسر، ممتاز محل کے پدر آصف خاں کا تحریر کردہ قصیدہ بھی شامل تھے۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے افسران و اساتذہ بشمول اے ایم یو رجسٹرار جناب محمد عمران (آئی پی ایس)، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین، پروکٹر پروفیسر ایم وسیم علی، چیرمین شعبۂ شیعہ دینیات ڈاکٹر سید محمد اصغر، مولانا احمد مجلسی، مولانا غلام رضا، سابق لائبریرین اسلم مہدی، ڈین فیکلٹی آف دینیات پروفیسر توقیر عالم، علی سوسائٹی کے صدر پروفیسر عابد علی خان، پروفیسر نواز زیدی، ڈاکٹر حیدر حسینی، ڈاکٹر عباس وسیم، ڈاکٹر علی جعفر اور ڈاکٹر شجاعت حسین وغیرہ موجود تھے۔
آپ کا تبصرہ