حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہاشمی گروپ کے تحت عزاء خانۂ ابو طالب محمود پورہ املو ہندوستان میں مولود کعبہ حضرت امام علی علیہ السّلام کے یومِ ولادت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان جشن منعقد ہوا، جس میں مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مولانا اقتدار حسین مبارکپوری نے جشنِ مولود کعبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام سے بڑا کوئی عالم اور عادل نہیں گزرا ہے۔ آپؑ کے علم کا یہ عالم تھا کہ آپ منبر سے لوگوں کے مجمع میں یہ دعویٰ فرماتے تھے کہ ’’مجھ سے پوچھو مجھ سے زمین کی باتیں پوچھو یا آسمان کی باتیں، میں زمین سے زیادہ آسمان کی باتیں جانتا ہوں، میرے بعد یہ دعویٰ کوئی نہیں کرے گا مگر یہ کہ وہ بڑا جھوٹا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ ؑ کے عدل و انصاف کا یہ عالم تھا کہ جب بھی آپ علیہ السلام کا تذکرہ ہوتا ہے، بلا فاصلہ ذہن، عدالت کی طرف متوجہ ہو جاتا ہے اور اسی طرح جب کبھی عدالت کا ذکر ہوتا ہے تو وہ عادل امام علیہ السلام بے ساختہ یاد آجاتا ہے، جس نے اعلان بھی کیا تھا اور اپنے عمل سے ثابت بھی کیا تھا کہ: واللہ! اگر مجھے سات اقلیم اس شرط پر دیئے جائیں کہ میں ایک چیونٹی کے منھ سے جو کا ایک چھلکا چھین لوں تو میں انہیں ٹھوکر مار سکتا ہوں، لیکن اس حد تک بھی بے عدالتی اور ظلم نہیں کر سکتا۔
اس سے قبل، شعرائے کرام نے بارگاہِ ولایت و امامت میں منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا شمیم حیدر ناصری پرنسپل مدرسہ امامیہ املو نے انجام دئیے۔
اس موقع پر مولانا ابن حسن املوی واعظ، مولانا محمد مہدی استاد مدرسہ امامیہ املو اور کثیر تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ