حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امروہہ ہندوستان میں امام محمد تقی علیہ السّلام کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر مسجد امامیہ میں سیرتِ امام پر خطاب کرتے ہوئے محقق ڈاکٹر شہوار حسین نقوی امروہوی نے کہا کہ امام کے تبحر علمی کا یہ عالم تھا کہ آپ نے بچپن میں علمی مظاہرہ کرکے مامون الرشید جیسے حاکم کو حیرت میں ڈال دیا، جس کی بناء پر وہ امام کا احترام کرنے پر مجبور ہو گیا، حالانکہ علمائے بنی عباس کو حاکم کا یہ عمل ناگوار ہوتا تھا۔مامون کا جواب ہوتا تھا کہ میں ان کا سن وسال نہیں دیکھتا، بلکہ علم کی وجہ سے احترام کرتا ہوں۔ مامون کے اس نظریے کو اس وقت اور تقویت ملی جب آپ نے یحیٰی بن اکثم جیسے عالم کو علمی شکست دی۔ امام نے اتنے بڑے عالم کو شکست دے کر بتا دیا دنیا کا کوئی بھی عالم ہمارے علم کا مقابلہ نہیں کرسکتا؛ یہی علم تھا کہ جس کی بناء پر دشمن آپ علیہ السّلام کے در پر آنے پر مجبور تھا۔ امام جواد علیہ السّلام نے اپنے اس عمل سے ثابت کردیا کہ دشمن کو زیر کرنے کا واحد ذریعہ علم ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ ہر سال آئمہ علیہم السلام کی ولادت پر جشن منانے کا مقصد ہی یہ ہے کہ ہم دنیا کے سامنے سیرتِ امام کی خوبیاں بیان کریں اور ہم سیرتِ امام پر عمل کرنے کے لیے آمادہ ہوں۔
آپ کا تبصرہ