منگل 14 جنوری 2025 - 15:51
مولا علی ؑکی ولادت سے پہلے نہ کوئی کعبہ میں پیدا ہوا نہ قیامت تک کوئی پیدا ہوگا

حوزہ/املو مبارک پور اور اطراف میں مولا علی ؑ کا یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا، گھر گھر چراغاں و نذر و نیاز و محافل اور محفل مقاصدہ کا اہتمام کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو مبارک پور اور اطراف میں مولا علی ؑ کا یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا، گھر گھر چراغاں و نذر و نیاز اور محفلِ جشن کا اہتمام کیا گیا، اس سلسلے میں سب سے بڑا سالانہ پروگرام شیعہ جامع مسجد شاہ محمد پور، مبارکپور کے وسیع و عریض صحن میں مؤمنین مبارکپور کے نوجوانوں کے ایک رضا کار انتظامی گروپ کے زیرِ اہتمام عظیم الشان طریقے سے گزشتہ شب بعد نمازِ مغربین منعقد ہوا، جس میں اولاً مولانا ابن حسن املوی واعظ نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’تاریخ اسلام میں تیرہ رجب سنہ ۳۰؍عام الفیل جمعہ کا دن وہ پر مسرت و بابرکت تاریخ و یوم ہے، جب اللہ کے گھر میں اللہ کے ولی خاص حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی شکل میں نور امامت روشن ہوا، جن کے نور سے سارا عالم روشن و منور ہوگیا۔

تصاویر دیکھیں:

املو مبارک پور میں عظیم الشان محافلِ میلاد امیر المؤمنین علی (ع) کا انعقاد

انہوں نے مزید کہا کہ یہ علی علیہ السّلام کی وہ عظیم فضیلت اور خصوصیت ہے جو کسی کو حاصل نہیں ہے، یعنی مولا علی ؑکی ولادت سے پہلے نہ کوئی کعبہ میں پیدا ہوا نہ قیامت تک کوئی پیدا ہوگا۔جشن کے بعد بڑے پیمانے پر نذر مولا کا اہتمام کیا گیا، جس میں سینکڑوں مومنین نے شرکت کی۔

پروگرام کی نظامت مولانا عرفان عباس امام جمعہ وجماعت شیعہ جامع مسجد شاہ محمد پور نے انجام دی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر مولانا کرار حسین اظہری، مولانا حسن اختر عابدی، مولانا غمخوار حسین، مولانا کونین رضا، مولانا نفیس اختر، مولانا مظفر نقی اور مولانا مظاہر انور جشن میں شریک رہے۔

اس موقع پر شیعہ جامع مسجد کی عمارت برقی قمقموں سے بقعہ نور بنی ہوئی تھی۔پروگرام کے سرگرم کارکن محمد علی کربلائی نے جملہ علماء و شرکاء کا پرخلوص شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha