منگل 14 جنوری 2025 - 17:45
حضرت علی (ع) نے اپنے دورِ حکومت میں انسانی حقوق کا تحفظ کر کے انسانی اقدار کو بلند کیا، ڈاکٹر شہوار حسین نقوی

حوزہ/امروہہ ہندوستان میں یومِ ولادتِ باسعادت حضرت امام علی علیہ السّلام کی مناسبت سے ایک عظیم الشان علمی سیمینار منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام نے شرکت اور امام علی علیہ السّلام کی عظیم شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت علی علیہ السّلام کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر امامیہ ریسرچ سینٹر حقانی اسٹریٹ امروہہ ہندوستان میں ایک علمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے علماء، ادبا اور معززین نے شرکت کی۔

محقق ڈاکٹر شہوار حسین نقوی نے خطبۂ صدارت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی علیہ السّلام نے اپنے دورِ حکومت میں معاشرے کے تمام طبقوں کے حقوق کا تحفظ کیا، آپ کے دور حکومت میں غیر مسلم بھی اتنے ہی محفوظ تھے جتنا مسلمان تھے۔ آپ نے مسلکی، نسلی تمام طرح کی تفریق کا خاتمہ کیا، آپ انسانیت کی بنیاد پر احترام کے قائل تھے، آپ نے آج سے چودہ سو سال پہلے روٹی، کپڑا اور مکان کا مسلہ حل کیا؛ ہر انسان کے پاس یہ تمام چیزیں موجود تھیں آپ نے یہ مسئلہ اس طرح حل کیا کہ رات کی تاریکی میں آپ خود غریبوں کے گھر جاکر روٹیاں تقسیم کرتے تھے؛ حاکم ہونے کے باوجود خود بھوکے رہے مگر غریبوں کی بھوک برداشت نہیں کی، آپ خود معمولی لباس پہنتے تھے اور غلاموں کو قیمتی لباس پہناتے تھے، آپ کسی بڑے محل میں نہیں رہے، بلکہ معمولی سے مکان میں زندگی گزاری، آپ کا یہ طرزِ عمل دنیا کے حکمرانوں کو دعوتِ فکر دیتا ہے کہ ایک حاکم کو اپنی رعایا کے ساتھ کس طرح کا سلوک کرنا چاہیے۔

پروفیسر ناشر نقوی نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مولا علی علیہ السّلام کے سلسلے میں تحقیقی کام کیا جائے جو مولا علی علیہ السّلام کے تعارف کے لیے معاون ثابت ہو۔

ڈاکٹر ناشر نقوی نے ڈاکٹر شہوار حسین کی تحقیقی کتاب ”علی شناسی در کتب“ کہ جس میں حضرت علی علیہ السّلام سے متعلق 1134کتابوں کا تعارف پیش کیا گیا ہے اس کتاب کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب مولا علی علیہ السّلام کی ببلو گرافی ہے جو محققین کے لیے بہترین رہنما ثابت ہوگی۔

مولانا رضا کاظم تقوی نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ سیرتِ امام پر عمل کیا جائے۔

مولانا شاداب حیدر نے فرمایا کہ مولا علی علیہ السّلام نے معاشرے کے تمام لوگوں کے حقوق ادا کر کے بتایا کہ ایک ذمہ دار حاکم کی یہی علامت ہے کہ وہ اپنی رعایا کا پورا خیال رکھے۔

سیمینار کی نظامت ڈاکٹر لاڈلے رہبر نے انجام دی، تلاوت مولانا منظر عباس نے کی، جبکہ جناب شان حیدر ، جناب نوشہ امروہوی ، جناب تاجدار مجتبیٰ ،جناب نوازش نقوی ، جناب محمد عسکری وغیرہ نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔سیمینار میں ان کتابوں کی بھی نمائش کی گئی، جو حضرت علی علیہ السّلام کی حیات و مناقب کے سلسلے میں لکھی گئیں ہیں، آخر میں دعائیہ کلمات کے بعد پروگرام کا اختتام ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha