حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرادآباد ہندوستان کی شیعہ جامع مسجد مرزا قلی خان میں نزولِ قرآن کی عظمت کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے محقق ڈاکٹر شہوار حسین امروہوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ کتاب بنی نوع انسانی کی ہدایت کے لیے نازل فرمائی، اس کتاب میں انسان کی ترقی کا راز پنہا ہے، یہ کتاب زندگی ہے، اس میں زندگی کے تمام مسائل کا حل موجود ہے؛ دیگر مذاہبِ کے لوگ بھی اس کتاب سے استفادہ کر رہے ہیں اور اپنے مقصود کو حاصل رہے ہیں، اگر معاشرے میں اس کی تعلیمات عام ہو جائیں تو ہر طرف امن و سکون قایم ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کا ہر فرد اس عظیم الشان کتاب کی تعلیم سے آشنا ہو اور اسے اپنی زندگی میں شامل کرے اور ہر روز اس کی تلاوت کرے، اس کی تلاوت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ انسان کی زندگی نورانی ہو جاتی ہے، کیونکہ قرآن نور ہے اور نور اپنا وجود ضرور ظاہر کرتا ہے۔
لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے دن کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے کریں، تاکہ ہمارا دن قرآن کے سایے میں گزرے اور ہم سے کوئی ایسا عمل سرزد نہ ہو جو رضائے پروردگار کے خلاف ہو، آج ہر زبان میں قرآن کے ترجمے موجود ہیں، جس زبان میں چاہیں استفادہ کر سکتے ہیں۔اس روح پرور اجتماع میں بڑی تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی اور معروضات کو سماعت کیا۔
آپ کا تبصرہ