حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امروہہ ہندوستان؛ ڈاکٹر سید شہوار نقوی نے حضرت ابو الفضل العباس علیہ السّلام کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر عزاخانہ محلہ جعفری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عباس علمدار اگرچہ معصوم نہیں تھے، مگر آپ نے ایسی پاک وپاکیزہ زندگی گزاری کہ آپ کے دامن پر ترک اولیٰ کا بھی دھبہ نہ آ سکا، کربلا کے میدان میں آپ نے بھائی پر جان نثار کر کے بتایا کہ بھائی بھائی کی جان لینے کے لیے نہیں ہوتا، بلکہ بھائی بھائی پر جان قربان کرنے کے لیے ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں کہ جب بھائی بھائی کے خون کا پیاسا بنا ہوا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ سیرتِ حضرت عباس علمدار کو دنیا کے بھائیوں کے سامنے پیش کیا جائے، تاکہ وہ سیرتِ عباس علیہ السّلام کے آئینے میں اپنے کردار کا جائزہ لیں سکیں ۔حضرت عباس علمدار علیہ السّلام نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ بھائی اتنی قیمتی شے ہے کہ اس کے لیے اپنی قیمتی جان کی بھی پرواہ نہیں کرنی چاہیے،آج کے معاشرے میں دیکھا جارہا ہے کہ بھائی مصیبت میں بھائی کو چھوڑ دیتا ہے، مگر حضرت عباس علمدار کی جان نثاری صبحِ قیامت تک بھائیوں کے لیے نمونۂ عبرت رہے گی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں یوم ولادت حضرت عباس کو "یوم برادر" کے عنوان سے منانا چاہیے، تاکہ بھائیوں کو بھائی کی عظمت کا احساس اور ان کے حقوق ادا کرنے کا جذبہ پیدا ہوسکے۔
آپ کا تبصرہ