حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی ادارۂ تحقیق و تالیف ’’انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر‘‘ ایران کلچر ہاؤس دہلی کے محققین تاریخ کے موضوع پر کام کر رہے ہیں؛ انہی تاریخی کاموں کے تحت ’’تاریخ وثیقہ عربی کالج‘‘ فیض آباد نامی کتاب تالیف و تدوین کے مراحل سے گزر کر زیور طبع سے آراستہ و پیراستہ ہو کر منصہ وجود و شہود پر جلوہ بکھیرنے کے لیے آمادہ ہے۔
تصاویر دیکھیں:
رپورٹ کے مطابق، مورخہ 5 ؍ فروری 2025 بروز بدھ،بوقت ساڑھے آٹھ بجے شب بمقام زہراء ہال وثیقہ عربی کالج فیض آباد، اساتذہ و طلباء وثیقہ عربی کالج فیض آباد کی جانب سے یومِ ولادتِ باسعادت حضرت امام حسین علیہ السّلام کی مناسبت سے منعقدہ سالانہ شاندار طرحی محفل مسرت کے درمیان کتاب ’’تاریخ وثیقہ عربی کالج ‘‘ فیض آباد کی باوقار رسم اجراء علماء و دانشوران اور اہلِ علم کے ہاتھوں سے انجام پذیر ہوئی ۔اسی دوران انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر دہلی کے شعبہ تحقیق و تالیف سے وابستہ محققین کی تیم کے ایک اہم رکن ممتاز الواعظین مولانا ممتاز علی مرحوم اور وثیقہ عربی کالج کے سابق سربراہ ضیاء الواعظین مولانا سید وصی محمد صاحب قبلہ طاب ثراہ کے سوانح حیات پر مشتمل انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر دہلی کی جانب سے تیار کی گئی ڈاکو مینٹری 8X10 فٹ کی سائز کے ٹی و ی اسکرین پر پروجیکٹر مشین کے ذریعہ نشر کی گئی۔ جس کو ناظرین و سامعین نے کافی پسند کیا۔مولانا سید رضی حیدر زیدی نمائندہ انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر دہلی نے ڈاکٹر مہدی خو اجہ پیری کا پیغام اور انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر دہلی کی تاریخ ساز حسن کارکردگی پر اختصار سے روشنی ڈالی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری بانی و ڈائریکٹر آف’’ انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر ‘‘ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی کی زیر نگرانی و سرپرستی، انٹر نیشنل نور مائیکرو فلم سینٹر نئی دہلی کے زیرِ اہتمام و انصرام چاپ شدہ کتاب ’’تاریخ وثیقہ عربی کالج ‘‘ فیض آباد کے مصنف’’ عمدۃ الواعظین الحاج مولانا شیخ ابن حسن املوی صاحب ’’صدرالافاضل واعظ ‘‘ ہیں، جنہوں نے کافی جدّوجہد اور محنت و مشقت کے ساتھ اس کتاب کو آمادہ کیا ہے اور اس کتاب میں ابتدائی دور سے آخری دور تک وثیقہ عربی کالج فیض آباد کی تاریخ کو واضح کیا گیا ہے، شروع سے آخر تک جتنے اساتذہ، طلاب اور خدمت گذار رہے ہیں ان سب کا ایک مقدار تک تفصیل سے تذکرہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر مولانا ذیشان حیدر رجیٹوی نمائندہ انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر دہلی، مولانا ابن حسن املوی واعظ بانی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو،مولانا شمیم حیدر ناصری معروفی پرنسپل مدرسہ امامیہ املو، مولانا کرار حسین اظہری استاد مدرسہ باب العلم مبارکپور،مولانا حسن اختر عابدی مبارکپور، مولانا نصیر المہدی بکھری مبارکپور، محمد قاسم جوادی مبارکپوری، مولانا محمد جابر جوراسی واعظ مدیر اصلاح لکھنؤ، مولانا محمد محسن جونپوری، مولانا محمد حجت گھوسوی، مولانا سید محمد محسن قمی واعظ جونپوری، مولانا ندیم رضا واعظ ، مولانا محمد عازم باقری، مولانا نور الحسن مچھلی گاؤں، مولانا اکبر علی واعظ جلال پوری، مولانا اشفاق حسین جلال پوری، مولانا محمد ظفر معروفی، مولانا عبداللہ واعظ ظفر آبادی،مولانا محمد عباس،مولانا قمر عابدی،مولانا معصوم رضا، مولانا قنبر، مولانا طفیل عباس، مولانا منظر عباس سمیت کثیر تعداد میں علماء طلباء اور دانشوران ا ور اہل علم مقامی و بیرونی مومنین کرام موجود رہے۔
خصوصی پروگرام کی نظامت مولانا سید محمد عازم باقری جوراسی استاد وثیقہ عربی کالج فیض آباد نے بحسن و خوبی انجام دی۔
وثیقہ عربی کالج کے اساتذہ و طلباء کا حسنِ انتظام لائق تحسین و آفرین رہا۔
مدرسہ اور مسجد کی عمارتیں برقی قمقموں سے بقعہ نور بنی ہوئی تھیں اور مدرسہ کا وسیع وعریض کمپاؤنڈ، زہراء ہال، حسینی ہال، امام حسین ہال، ہاسٹل، کلاس روم علماء و فضلاء و طلباء و دانشوران و اہل علم شرکاء و مہمان حضرات کی کثرت سے چھلک رہے تھے۔
آخر میں معزز مہمانوں کی خاطر تواضع شایان شان طریقے سے کی گئی۔
آپ کا تبصرہ