اتوار 2 فروری 2025 - 15:14
آیت اللہ سید شمیم الحسن کی سربراہی میں انجمن غلامان سیدہ زینبؑ لکھنؤ کے وفد کی آیت اللہ العظمیٰ بشیر حسین نجفی سے ملاقات

حوزہ/ نجف اشرف میں آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی سے ہندوستان کے شہر لکھنؤ سے آئے ہوئے انجمن غلامان سیدہ زینبؑ کے وفد نے حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شمیم الحسن کی سربراہی میں ملاقات کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف میں آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی سے ہندوستان کے شہر لکھنؤ سے آئے ہوئے انجمن غلامان سیدہ زینبؑ کے وفد نے حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شمیم الحسن کی سربراہی میں ملاقات کی۔ آیت اللہ نجفی نے وفد کا خیر مقدم کیا، جس میں انجمن کے ممبران، علماء کرام، شعراء اور بنارس سے تعلق رکھنے والے جناب ارشاد علی بھی شامل تھے۔ جناب ارشاد علی نے اپنے ہاتھوں سے آب زمزم اور خاک شفا سے تحریر کردہ قرآن مجید کے تیسویں پارے کو پیش کیا، جس پر آیت اللہ العظمیٰ نجفی نے ان کی اس کاوش کو بارگاہِ ایزدی میں قبولیت کی دعا دی اور ان کی مزید توفیقات کی تمنا کی۔

ملاقات کے دوران آیت اللہ العظمیٰ نجفی نے علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ لکھنؤ کا حوزہ علمیہ اپنی مثال آپ تھا، اور ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنی زندگی میں لکھنؤ کے حوزہ علمیہ کی بحالی دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے اور امید ظاہر کی کہ علماء کرام اپنی کوششوں سے لکھنؤ کے علمی مرکز کو اس کی سابقہ عظمت کی جانب واپس لے جائیں گے۔

واضح رہے کہ انجمن غلامان سیدہ زینبؑ گزشتہ گیارہ سالوں سے آیت اللہ العظمیٰ بشیر حسین نجفی کے مرکزی دفتر کی زیر نگرانی اور ان کے فرزند و مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی کی مشارکت سے بین الحرمین، کربلاء مقدسہ میں 3 شعبان کو عالمی جشن صبر و وفا کا اہتمام کر رہی ہے۔ اس سال بھی جشن کی تیاریوں کے سلسلے میں انجمن کا وفد نجف اشرف پہنچا اور آیت اللہ العظمیٰ بشیر حسین نجفی کی خدمت میں جشن کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔

آیت اللہ نجفی نے انجمن کو اس مبارک عمل پر مبارکباد دی اور جشن کی کامیابی کے لیے دعا فرمائی۔ دوسری جانب انجمن نے مرکزی دفتر کی سرپرستی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha