منگل 17 دسمبر 2024 - 06:29
شیعوں کو امام زمانہؑ کی اطاعت کے پرچم تلے متحد دیکھنا چاہتے ہیں: حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی کے فرزند اور ان کے مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی نے زائرین کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ مومنین کی خدمت اور اتحاد پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی کے فرزند اور ان کے مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی نے زائرین کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ مومنین کی خدمت اور اتحاد پر زور دیا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نجفی نے کہا کہ ہم پوری دنیا کے شیعوں کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ تمام شیعہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی اطاعت کے پرچم تلے متحد ہوں۔

انہوں نے کہا، "ہم مولا علی علیہ السلام کے جوار میں خود کو ان کے شیعوں کا خادم سمجھتے ہیں، اور یہی ہماری شناخت ہے۔ مومنین جہاں بھی ہوں، ان کی خدمت ہمارے لیے باعث شرف ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ حوزہ علمیہ نجف اشرف اور دنیا کے دیگر حوزات علمیہ کی نگرانی اور خدمت ان کے لیے باعث فخر ہے۔ دنیا بھر میں مومنین کے ساتھ رابطے قائم ہیں، اور ان کے معاشرتی، معاشی اور تعلیمی امور کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مسائل پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

شیخ علی نجفی نے واضح کیا کہ دنیا کے بیشتر ممالک سے اچھے تعلقات قائم ہیں، لیکن ان روابط کا واحد مقصد وہاں کے مومنین کی خدمت ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ مرکزی دفتر تمام شیعوں کا گھر ہے، چاہے وہ کسی بھی ملک، زبان یا قومیت سے تعلق رکھتے ہوں۔ "ہم شیعوں کو امام زمانہ علیہ السلام کی اطاعت کے پرچم تلے متحد دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی خدمت کو اپنے لیے باعث عزت سمجھتے ہیں۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .