ہفتہ 26 جولائی 2025 - 09:57
ہندوستانی سفارتخانے کے وفد کی مرجع تقلید آیت اللہ العظمٰی بشیر حسین نجفی سے ملاقات

حوزہ/ نجف اشرف میں مرجع تقلید آیت اللہ العظمٰی بشیر حسین نجفی سے بغداد میں واقع ہندوستانی سفارتخانے کے وفد نے ان کے مرکزی دفتر میں ملاقات کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف میں مرجع تقلید آیت اللہ العظمٰی بشیر حسین نجفی سے بغداد میں واقع ہندوستانی سفارتخانے کے وفد نے ان کے مرکزی دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران آیت اللہ العظمی شیخ بشیر حسین نجفی نے دونوں ممالک، عراق اور ہندوستان، کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دے کر دونوں قوموں کے عوام کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے نجف اشرف میں زیر تعلیم ہندوستانی دینی طلاب کی خدمت کو خصوصی اہمیت دینے پر بھی تاکید کی۔

ہندوستانی وفد نے دفتر آیت اللہ العظمی شیخ بشیر حسین نجفی کی جانب سے طلاب اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات پر شکریہ ادا کیا اور سفارتی سطح پر جاری تعاون کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ وفد نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ عراق میں مقیم ہندوستانی شہریوں، خصوصاً زائرین اور طلاب کے لیے سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ملاقات میں ہندوستانی سفارتخانے کے درج ذیل نمائندگان شریک تھے: جناب اے۔ کے۔ نگم، سیکنڈ سیکریٹری (قونصلر و کمیونٹی امور)، جناب ایم۔ نند کمار، سیکنڈ سیکریٹری (قونصلر و کمیونٹی امور)، جناب تُشار کانت یونیال، سیکنڈ سیکریٹری (سیاسی و تجارتی امور)۔

اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان دینی، ثقافتی اور انسانی بنیادوں پر تعلقات کی بہتری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha