حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرادآباد ہندوستان؛ ام المؤمنین حضرت خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کی وفات کی مناسبت سے شیعہ جامع مسجد مرزا قلی خان میں سیرتِ ام المؤمنین پر تقریر کرتے ہوئے محقق ڈاکٹر شہوار حسین امروہوی نے کہا کہ آج کے دور میں ثروت مند طبقے کے سامنے سیرتِ جناب خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا پیش کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ اللہ کی راہ میں کس طرح انفاق کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کی سیرت سے یہ درس ملتا ہے کہ جب اسلام پر وقت آئے تو جان ومال سب کچھ اسلام پر قربان کر دینا چاہیے؛ جناب خدیجہ کے اس انفاق میں اتنا خلوص تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی دولت کو اپنی دولت قرار دیا اور قرآن مجید میں اس کا ذکر کر کے اس دولت کو دوام بخشا، اس کا مطلب یہ ہے کہ جناب خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کی دولت اتنی پاک وپاکیزہ تھی کہ خدائے پاک نے اسے اپنی دولت کہا تو جس بی بی کی دولت اتنی پاک ہو تو خود وہ بی بی کتنی پاک وپاکیزہ ہو گی، لہٰذا ہمیں بھی دولت جمع کرتے وقت اس کی طہارت کا خیال رکھنا چاہیے، اس لیے کہ طیب و طاہر مال ہی میں برکت ہوتی ہے، یہی وجہ تھی کہ رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم زندگی بھر جناب خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کے اس ایثار کو یاد کرتے رہے اور اس کا تذکرہ کرتے رہے، لہٰذا ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ پاک وپاکیزہ مال وہی ہے جو اسلام کے کام آ جائے۔
آپ کا تبصرہ