حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مراد آباد ہندوستان؛ سبط اکبر امام حسن مجتبٰی علیہ السّلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر شیعہ جامع مسجد مرزا قلی خان میں ایک پرشکوہ جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جشن سے خطاب کرتے ہوئے محقق ڈاکٹر شہوار حسین امروہوی نے کہا کہ امام حسن مجتبٰی علیہ السّلام رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق کا آینہ تھے، جس وقت ایک شامی نے آپ کے سامنے آکر آپ کی شان میں گستاخی کی، اگر آپ چاہتے تو اسے اس کی زبان میں جواب دے سکتے تھے، مگر اس کے دل میں آپ کی محبت نہیں آ سکتی تھی؛ آپ نے اپنے حسن اخلاق کا ایسا کرشمہ دکھایا کہ دشمن دوست بننے پر مجبور ہو گیا جو اب تک امام کا جانی دشمن بنا ہوا تھا اب وہ اپنی خطا پر نادم ہو کر سچا چاہنے والا بن گیا، امام نے اپنے عمل سے ثابت کر دیا کہ انسان کو دشمن بنانا کمال کی بات نہیں، بلکہ دشمن کو دوست بنانا کمال کی بات ہے، ہمیں امام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے پیار، محبت اور حسن اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دوستوں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہیے نا کہ دشمنوں کی۔
اس مسرت کے موقع پر شہر میں مختلف مقامات پر جشن اور محافل میلاد کا اہتمام کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ