حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،تہران/ 32ویں انٹرنیشنل قرآنی نمائش کے موقع پر حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید شمع محمد رضوی کی تصنیف "بنام شہیدانِ خدمت" کی باوقار تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مختلف ممالک کے علمی و قرآنی شخصیات، جید علماء، عالمی قرّاء، محققین اور شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے خانوادے نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید شمع محمد رضوی نے کہا کہ میں شہداء، خصوصاً شہید رئیسی کی قرآنی خدمات اور ان کی زندگی کے نمایاں پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ "شہید رئیسی کی زندگی ہمیشہ قرآن و اہل بیت (ع) کے سائے میں رہی اور ان کی کامیابی قرآن و عترت سے وابستگی کا نتیجہ تھی۔"
اس موقع پر شہید رئیسی کی دختر ریحانہ رئیسی نے مولانا رضوی کی اس علمی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ "یہ عقیدت اور قرآنی تمسک ہی ہے جو ایک غیر ایرانی محقق کو ہمارے شہید والد کی حیات پر تحقیق اور تصنیف کی جانب لے آیا۔"
المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ثقافتی امور کے چیف حجۃ الاسلام و المسلمین محمد رضا صالح نے اپنے خطاب میں مولانا سید شمع محمد رضوی کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "مولانا کی فعالیتوں کا دائرہ قم سے لے کر ہندوستان تک پھیلا ہوا ہے، اور آج ان کی محنتوں کا اعتراف عالمی سطح پر ہو رہا ہے۔"
تقریب میں شہید رئیسی کے خانوادے، قرآنی ماہرین اور بین الاقوامی قرّاء کی موجودگی نے اسے مزید یادگار بنا دیا۔ تہران میں جاری قرآنی نمائش کے دوران یہ کتاب عالمی سطح پر قرآنی فکر و شعور کو اجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔
آپ کا تبصرہ