حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دہلی ہندوستان؛ ممتاز العلماء مولانا شیخ ممتاز علی صاحب قبلہ امام جمعہ و جماعت امامیہ ہال نئی دہلی کے چہلم کی مجلس، گزشتہ منعقد ہوئی، جس سے سربراہ جامعہ جوادیہ وارانسی آیت اللہ شمیم الحسن صاحب قبلہ نے خطاب کیا۔
ممتاز العلماء مولانا ممتاز علی مرحوم کی یاد میں تعزیتی اجلاس قبل از ظہر منعقد ہوا، جس میں مندرجہ ذیل کے علمائے کرام نے تاثرات پیش کئے: مولانا قاضی عسکری صاحب قبلہ، مولانا صفی حیدر صاحب قبلہ، مولانا محسن تقوی صاحب قبلہ، مولانا شمشاد حسین قبلہ چھولسوی، مولانا ابن حسن صاحب قبلہ املوی، مولانا محمد رضا غروی صاحب قبلہ، جبکہ مجلس و اجلاس کی نظامت کے فرائض مولانا جنان اصغر مولائی نے انجام دیئے۔
مولانا ممتاز علی صاحب قبلہ کے چالیسویں کے موقع پر مولانا اظہر عباس سانکھنوی کا مرتب کردہ خصوصی شمارہ ’’ ممتاز العلماء حجۃ الاسلام مولانا ممتاز علی صاحب قبلہ‘‘ کی رسم اجراء شمیم الملت مولانا شمیم الحسن صاحب قبلہ اور اس موقع پر موجود دیگر علماء کے ہاتھوں انجام پائی۔
ممتاز العلماء مولانا ممتاز علی صاحب قبلہ طاب ثراہ امام جمعہ و جماعت امامیہ ہال نئی دہلی کا شمار ان علماء میں تھا جو با استعداد، سادہ مزاج اور پیغامِ دین کو عام کرنے میں ہمہ وقت منہمک مصروف رہے ہیں؛ ان کا اچانک انتقال ۵ نومبر کو ہوا اور چالیسویں کی مجلس ۸؍ دسمبر کو ہوئی، اس مختصر درمیانی مدت کے دوران مولانا اظہر سانکھنوی مجلہ الناصر کے ادارتی تجربات کی وجہ سے خصوصی شمارے کو بطریق احسن تیار کرنے میں کامیاب رہے۔ گویا اس مجموعے کے ذریعے ان کی شخصیت کا تعارف قارئین کو بخوبی ہوسکتا ہے۔
عرض مرتب میں انہوں نے بعنوان، مولانا ممتاز علی صاحب ایک ہمہ جہت شخصیت، مرحوم کے مثالی کردار پر روشنی ڈالی ہے۔
تعزیتی پیغامات ۳۵ ہیں پہلا پیغام مجمع جہانی اہل بیتؑ کا ہے۔
مضامین کی تعداد ۵۲ ہے؛ پہلا مضمون بعنوان صدمہ جانکاہ شمیم الملت مولانا شمیم الحسن صاحب قبلہ سربراہ جامعہ جوادیہ بنارس کا ہے۔ منظومات کی تعداد ۲۵ ہے پہلی نظم بعنوان قطعۂ تاریخ مولانا غلام السیدین حاشر جوراسی کی ہے۔ آخری ۱۲؍ صفحات میں بعنوان ممتاز العلماء مولانا ممتاز علی تصاویر کی زبانی ان یادگار تصویریں موجود ہیں۔ پہلی تصویر میں وہ ضیاء الملت مولانا وصی محمد صاحب قبلہ اعلی اللہ مقامہ پرنسپل مدرسۃ الواعظین لکھنؤ کے ہمراہ دیکھے جاسکتے ہیں۔ سادہ مزاج علماء سے متعارف ہونے کے لئے اس خصوصی شمارے کو حاصل کرنے میں تعجیل فرمائیں اور اس سے استفادہ فرمائیں۔
واضح رہے کہ مولانا ممتاز علی صاحب قبلہ طاب ثراہ کی مجلسِ چہلم کے موقع پر انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر، ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی کے زیرِ اہتمام مولانا مرحوم کی سوانح حیات پر مشتمل ایک خوبصورت ڈاکو مینٹری نشر کی گئی تھی، جو بہت پسندیدہ اور مقبول ہوئی۔
آپ کا تبصرہ