حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے میڈیا و ڈیجیٹل اسپیس سینٹر کے سربراہ، اراکین اور نامہ نگاروں نے دبیر مجلس علمائے ہند حجۃالاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی سے حوزہ نیوز ایجنسی کے مرکزی دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نیوز ایجنسی کی کارکردگی، خدمات، اور موجودہ چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حوزہ نیوز کی فعالیت پر رپورٹ پیش کی گئی
ملاقات کے آغاز میں حوزہ نیوز ایجنسی کے بین الاقوامی سروس کے چیف ایڈیٹر، جناب علی فقیہ نے مولانا کا خیر مقدم کرتے ہوئے نیوز ایجنسی کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حوزہ نیوز مختلف زبانوں میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے اور دنیا بھر میں اہم واقعات کی نشر و اشاعت میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے "پارہ چنار" کے واقعے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حوزہ نیوز نے اس واقعے کی سب سے پہلے رپورٹ نشر کی، جسے بعد میں مراجع عظام، جیسے آیت اللہ اعرافی، نے پڑھا اور اپنے تاثرات پیش کیے۔
انہوں نے بتایا کہ حوزہ نیوز نے گزشتہ سال ہندی زبان میں ویب سائٹ کا آغاز کیا، جو الحمدللہ کامیابی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے حوزہ نیوز کے دیگر منصوبوں، جیسے "افق حوزہ" ہفتہ وار اخبار اور "حوزہ ٹی وی"، کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ نیوز ایجنسی شبہات کے مدلل جوابات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے۔
کرونا وبا کے دوران طلبہ کا کردار
حوزہ نیوز ایجنسی کے چیف ایڈیٹر جناب شعبان علی نے اس موقع پر کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی، حوزہ علمیہ کا ترجمان ہونے کی حیثیت سے مراجع کرام کی خبروں کے لیے ایک خصوصی صفحہ مختص کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وبا کے دوران جب لوگ اپنے عزیزوں کی تدفین سے گریزاں تھے، تو حوزہ کے طلبہ نے نہایت ذمہ داری سے ان لاوارث میتوں کی تکفین و تدفین کی ذمہ داری سنبھالی، چاہے حکومت نے اس پر اعتراض ہی کیوں نہ کیا ہو۔
دشمن کے پروپیگنڈے کا مقابلہ
حوزہ علمیہ ایران کے میڈیا و ڈیجیٹل اسپیس سینٹر کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین رضا رستمی نے کہا کہ دشمن علماء کو عوام سے دور کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ دین کی اپنی مرضی سے تشریح کر سکے۔ اس تناظر میں حوزہ نیوز ایجنسی ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان میں حوزہ نیوز کی کارکردگی نمایاں ہے اور علماء کرام سے وابستہ افراد اس میدان میں فعال ہیں۔
مولانا کلب جواد نقوی کا خطاب
مولانا سید کلب جواد نقوی نے ملاقات کے دوران آیت کریمہ: "الَّذِينَ يُبَلِّغُونَ رِسَالَاتِ اللَّهِ..." کی تلاوت کرتے ہوئے میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہودیوں نے عالمی میڈیا پر کنٹرول حاصل کر رکھا ہے، جس کا اثر ہندوستان میں بھی نظر آتا ہے۔ قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد ہندوستانی میڈیا نے انہیں دہشت گرد کے طور پر پیش کیا، کیونکہ ان کا ماخذ یہودی ذرائع تھے۔ مولانا نے کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقیقت پر مبنی خبریں دنیا کے سامنے پیش کرے۔
مولانا نے کہا کہ اس وقت دنیا میں 700 سے زائد عربی چینل ایران، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سرگرم ہیں۔ انہوں نے حوزہ نیوز ایجنسی کو "نعمت الٰہی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ایجنسی کی ہندی زبان میں خدمات سے حساسیت پیدا ہوئی ہے، اور حکومت نے اسے انقلاب اسلامی پھیلانے کا ذریعہ قرار دیا۔
رہبر انقلاب اور دشمن کے فتنوں کی شکست
مولانا کلب جواد نقوی نے مزید کہا کہ جب ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا اور اسرائیل نے دھمکی دی، تو ہندوستانی میڈیا میں افواہ پھیلائی گئی کہ آیت اللہ خامنہ ای کہیں چھپ گئے ہیں۔ لیکن رہبر انقلاب کی نماز جمعہ نے ان تمام فتنوں کو ختم کر دیا۔
ملاقات کے اختتام پر مولانا نے حوزہ نیوز ایجنسی کے کام کی تعریف کی اور اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
آپ کا تبصرہ