حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امروہہ ہندوستان؛ امام محمد باقر علیہ السّلام کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر مسجد امامیہ میں سیرتِ امام پر خطاب کرتے ہوئے محقق ڈاکٹر شہوار حسین نے کہا کہ ہمیں سچے دل سے سیرتِ امام پر عمل کرنا چاہیے۔ آج ہم محنت کشی کو عیب سمجھتے ہیں، جبکہ امام علیہ السّلام باقر العلوم ہونے کے باوجود شدید گرمی میں کھیت پر کام کرتے ہوئے نظر آتے ہیں؛ کسی نے طنز کرتے ہوئے کہا: آپ فرزند رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم ہوتے ہوئے اتنی محنت کر رہے ہیں، آپ نے فرمایا: کسی کے سامنے دست سوال دراز کرنا عیب ہے، محنت کشی میں کوئی عیب نہیں۔ امام علیہ السّلام نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ اپنے اہل وعیال کا آذوقہ فراہم کرنا خود اس کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام محمد باقر علیہ السّلام کی عظمت یہ ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے آپ کو سلام کہلوایا۔ آپ نے اسلامی سکہ رائج کرکے اسلامی اقتصاد کو اپنے پیروں پر کھڑے کرنے کی رہنمائی فرمائی، آپ نے جدید علوم ایجاد کرکے دنیائے علم کو جدید علوم سے آشنا کروایا۔
ڈاکٹر سید شہوار حسین نقوی نے کہا کہ امام نے ایسے شاگردوں کی پرورش کی، جنہوں نے ترویج علوم کر کے معاشرے کو تعلیم یافتہ بنایا اور جہالت کا خاتمہ کیا، آج ہر امام کے چاہنے والے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھر، اپنے شہر، اپنی قوم سے جہالت کا خاتمہ کرکے سچا شیعہ ہونے کا ثبوت دے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ خداوند عالم سے اس مبارک وسعید موقع پر دعا ہے کہ امام باقر علیہ السّلام کے طفیل میں قوم کے دامن کو دولتِ علم سے بھر دے اور ملت کو خود کفیل بننے کی توفیق عنایت فرمائے۔
آپ کا تبصرہ