جمعہ 3 جنوری 2025 - 15:23
تعلیمات امام محمد باقرؑ پر عمل پیرا ہوکر صالح معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے، حجۃ الاسلام انصار علی ہندی

حوزہ/ حجۃ الاسلام انصار علی ہندی نے اپنی تقریر میں امام محمد باقر علیہ السلام کی حیات طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں امام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ ایک صالح اور مثالی معاشرہ قائم ہو سکے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کامٹی ناگپور/ حوزہ علمیہ رسول اعظم کامٹی ناگپور میں یکم رجب المرجب 1446ھ بمطابق یکم جنوری 2025ء کو امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت کے پر مسرت موقع پر ایک عظیم الشان اور روحانی تقریب طرحی جشن مقاصدہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت حجۃ الاسلام انصار علی ہندی نے فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض کامٹی نیوز چینل کے معروف شخصیت جناب سلطان علی کربلائی نے انجام دیئے۔

تقریب کا آغاز مدرسہ کے طالب علم جناب محمد رضا کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد جناب علمدار حسین رجب علی نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔

تقریب میں نامور قصیدہ خوان حضرات جن میں جناب حیدر علی ممتاز، خورشید علی خورشید، سید حسن زیدی، صادقین حیدر، عابدین حیدر، شیر علی سلطان علی کربلائی، ماسٹر اظہر حسین اظہر کربلائی، مولانا فیاض حسین کربلائی اور مولانا تقی اصغر ہندی شامل تھے، نے پیش کئے گئے طرح مصرع:

"آج شہر علم میں جشن ولا باقر کا ہے"

پر اپنے کلام پیش کرکے سامعین کے دل جیت لئے۔

حجۃ الاسلام انصار علی ہندی نے اپنی تقریر میں امام محمد باقر علیہ السلام کی حیات طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں امام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ ایک صالح اور مثالی معاشرہ قائم ہو سکے۔

تقریب میں ناگپور سے مولانا غلام حسنین نے خصوصی شرکت کی۔ مولانا موصوف کی دعاؤں کے ساتھ یہ روحانی محفل اختتام پذیر ہوئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha