حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور ضلع کرم سے ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین فصیح کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے انہیں فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مزمل حسین فصیح تحصیل چیئرمین پاراچنار اپر کرم کو ریاستی جبر کے خلاف آواز اٹھانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ آغا مزمل حسین نے ہمیشہ امن وامان اور باہمی رواداری کی بات کی ہے، علاقے اور عوام کی خوشحالی کے لیے بات کی ہے، علاقے کے عوام کے خلاف ہونے والی سازشوں کو بے نقاب کیا ہے، پارہ چنار کرم میں ہونے والی ہر ملک دشمن کاروائی کے خلاف حکومتی ذمہ داران کو متوجہ کرتے رہے ہیں اور اپنا پرامن و قانونی احتجاج ریکارڈ کرواتے رہے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقے کی داد رسی کرنے کے بجائے آئینی دائرہِ کار میں رہتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کرنے والے رہنما کو گرفتار کرنا سراسر غیر قانونی اور ناانصافی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی رکن نے کہا ہے کہ گزشتہ 4 ماہ سے ضلع کرم کے عوام مرکزی سڑک کی بندش کی وجہ سے محاصرے میں ہیں اور آغا مزمل نے عوام کو مشکلات سے نکالنے کی بات کی ہے، تیس ہزار ووٹوں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندے کو اس بھونڈے انداز سے گرفتار کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، میں اس گرفتاری کے ذمہ دار تمام حکام سے پُرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ مولانا مزمل حسین فصیح کے خلاف لگائے گئے من گھڑت الزامات واپس لیے جائیں اور انہیں باعزت رہا کیا جائے۔
آپ کا تبصرہ