حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبۂ قم المقدسہ کی جانب سے ایام شہادتِ سردارانِ مقاومت اور شہدائے پارا چنار کی یاد میں عظیم الشان "سالانہ تکریم الشہداء کانفرنس" مسجد اعظم حرم مطہر حضرت معصومہ قم میں منعقد ہوئی، جس میں طلاب و علماء اور خواتین سمیت زائرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تکریم شہداء کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمد حسین بہشتی صاحب نے حاصل کی، جبکہ طلاب نے ترانہ شہادت پیش کیا۔
کانفرنس کے مہمانان اور خطبا مجلسِ خبرگان رہبری کے رکن آیت اللہ عباس کعبی اور بحرین کے مجاہد عالم دین حجت الاسلام والمسلمین عبد اللہ دقاق تھے۔
مجلس وحدت المسلمین پاکستان شعبۂ قم کے سربراہ حجت الاسلام مولانا سید شیدا حسین جعفری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پارا چنار کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی اور پارا چنار کے مؤمنین کی استقامت و بہادری کی داستان بیان کی۔
شہداء کانفرنس سے بحرین کے مجاہد عالم دین اور حوزہ علمیہ بحرین کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین شیخ عبد اللہ دقاق نے طاقتور امت کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت اس وقت طاقتور ہو گی جب اس کی قیادت علماء کے ہاتھ میں ہو، اس سلسلے میں ولایتِ فقیہ کامیابی کی کلید ہے۔
انہوں نے امت کے طاقتور ہونے کے مؤثر عوامل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہداء کا خون بھی امت کی مضبوطی کا باعث ہے اور یہ علماء کی قیادت کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
بحرین کے مجاہد عالم دین نے کہا کہ اتحاد امت و وطن بھی امت کے طاقتور ہونے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔
مجلسِ خبرگان رہبری کے رکن آیت اللہ عباس کعبی نے شہادت و مقاومت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی نجات، خدا کی راہ میں شہید ہونے میں ہے۔ شہداء تمام مظلومین کا سرمایہ ہیں اور مکتب امام حسین علیہ السّلام تمام راہیان شہادت کے لیے نمونۂ عمل ہے۔
ایم ڈبلیو ایم شعبۂ قم المقدسہ کی جانب سے منعقدہ تکریم شہداء کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبۂ قم کے عہدیداران، ایم ڈبلیو ایم کے امور خارجہ کے سربراہ حجت الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی، جوامع روحانیت سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، گلگت و بلتستان کے عہدیداران سمیت قم کے مختلف مدارس و مراکز کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ