حوزہ نیوز ایجنسی مشہد سے نمائندہ کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام والمسلمین شفقت حسین شیرازی نے ایران کے شہر مشہد میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس "الغالبون" میں پاکستان کی صورتحال اور استکباری سازشوں کے خلاف عوام کے کردار کا تجزیہ پیش کیا۔
انہوں نے جنوبی ایشیا کے قلب میں پاکستان کی حساس اور انتہائی اہم جغرافیائی پوزیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: یہ ملک اپنی اسٹریٹجک اہمیت کی بنا پر ہمیشہ بڑی طاقتوں کی مداخلت کا نشانہ بنا رہا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین شیرازی نے کہا: پاکستان کی آزادی کے بعد مغربی طاقتوں نے ہمیشہ اس ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے اور نسلی و مذہبی اختلافات کو بڑھاوا دے کر عوام کو ترقی اور اتحاد کے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ نے مزید کہا: امریکہ نے بالخصوص پاکستان میں تکفیری اور مسلح گروہوں کی حمایت کے ذریعہ حالات کو خانہ جنگی کی طرف لے جانے کی کوشش کی لیکن پاکستانی باشعور عوام نے شیعہ سنی اتحاد کے ذریعہ دشمن کی ان سازشوں کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا: پاکستان میں شیعہ اور سنی عوام نے باہمی اتحاد اور داخلی و خارجی خطرات کے خلاف مزاحمت کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ وہ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین شیرازی نے کہا: دشمن پاکستان کو فرقہ وارانہ جنگوں میں الجھانا چاہتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں شیعہ اور سنی مل جل کر رہتے ہیں اور ان کے درمیان کوئی گہرا مذہبی اختلاف موجود نہیں۔
انہوں نے شام اور لبنان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا: پاکستان نے خطے میں مقاومتی ممالک خصوصاً ایران کے ساتھ مل کر عالمی خطرات کے خلاف مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ