حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جمہوری اسلامی ایران کے سفارتخانے میں عظمت شہداء سیمینار میں شہداء اسلام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء نے امت مسلمہ کو متحد کرنے اور عالمی سامراجی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی جانیں قربان کی۔ وہ مسلمانوں اور دنیا کے مظلوموں کے لئے رول ماڈل اور عظیم ہیرو کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن اسلام شیطانی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے جہاں اسلام کے متحد ہونے کی ضرورت ہے خاص کر دو عظیم دوست،ہمسائے اور برادر ملک پاکستان اور ایران یر وقت سامراجی طاقتوں کی سازشوں کے نشانے پر ہیں دونوں ملکوں کے غیور عوام اسلام سے محبت کرنے والے اور تمدن و ثقافت کے حوالے سے آپس کے مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ امید ہے دونوں ممالک کے باہمی روابط اور تعلقات روز بروز مضبوط تر ہونگے، اس سے مسلمان مضبوط اور دشمن کمزور ہوگا۔