حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ پارہ چنار کے مظلومین کی حمایت میں لاہور میں جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ جب تک پارہ چنار میں دھرنا جاری رہے گا، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھی چند شہروں میں دھرنے ہو رہے ہیں، لیکن اپنے حقوق کی بحالی کے لیے پورے ملک میں عوام سڑکوں پر نکلے گی۔ پورا پاکستان تیار رہے۔
علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے واضح کیا کہ پارہ چنار میں فرقہ واریت کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ معاملہ عقل سے عاری چند شرپسند عناصر کو قابو میں لانے کا ہے۔ اہلسنت ہمارے دست و بازو ہیں اور امن معاہدے پر فوری طور پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں میرے تصور سے بھی زیادہ افراد دھرنے میں شریک ہیں، جو عوامی شعور اور حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔ جھنگ، ملتان، اور کراچی کے عوام کی شرکت قابل تحسین ہے۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قیادت اور اہم شخصیات کی حکمت عملی کے تحت دھرنوں میں شریک رہیں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ جب تک پارہ چنار میں امن قائم نہیں ہوتا، احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری رہیں گے۔
آپ کا تبصرہ