۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
احتجاجی مظاہرہ

حوزہ/ پاراچنار پر دہشتگردوں کی لشکر کشی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مظاہرین سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی، سیکرٹری سید علی حسن نقوی، مولانا منہال حسین بنگش و دیگر نے کہا کہ ایک طرف مشرق وسطیٰ میں موجودہ کشیدہ حالات مظلوم فلسطینی عوام پر غاصب اسرائیلی جارحیت جاری ہے تو عین اسی وقت ملک خداداد پاکستان کے بارڈر پاراچنار پر طالبان دہشتگردوں نے دشمنوں اور صہیونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے لشکر کشی کی جو ملک دشمن عناصر کی سوچی سمجھی سازش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 5 لاکھ سے زیادہ آبادی والا شہر پارہ چنار غزہ کی طرح مسلسل طالبان دہشت گردوں کے نشانے پر رہتا ہے، جہاں ہر سال خانہ جنگی شروع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے پرامن اور وطن کے وفادار عوام پر جنگ مسلط کرنے والے شر پسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے۔

مقررین نے کہا کہ یہ کوئی فرقہ وارانہ مسئلہ نہیں ہے، بلکہ مذموم مقاصد پر مبنی ملک دشمن دہشت گردوں کی بہیمانہ سازش ہے، پارہ چنار ایک حساس اور دفاعی حوالے سے انتہائی اہم علاقہ ہے، جس کا بدامنی کی لپیٹ میں آنا تشویشناک ہے، ریاست اور سیکورٹی ادارے اس جنگ کو بروقت روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نو روز سے جنگ کی آگ میں سلگتے ہوئے پارہ چنار کے محب وطن شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ملک کی تمام امن پسند قوتوں کو اس جنگ کے روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیئے، حکومت کو چاہیئے کہ وہ فی الفور پاک و افغانستان بارڈر کو مکمل باڑ لگا کر سیل کرے۔

احتجاجی مظاہرے میں سید کلیم رضا، مولانا اشرف حسین کاشفی، مولانا سید باقر حسین نقوی، عظیم جاوا، ناصر الحسینی سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .